لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ لوٹ مارکا دورگزرچکا،ہماری حکومت کا کوئی سکینڈل ہے نہ ہوگا۔وزیراعلیٰ پنجاب سے شیخ رشید اور جہانگیر ترین نے ملاقاتیں کیں۔ وفاقی وزیرریلوے نے وزیراعلیٰ کو 5فروری کو لال حویلی میں جلسے میں شرکت کی دعوت دی،اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ تنقید برائے تنقید کرنے والے عناصرکے ہاتھ صرف مایوسی اورناکامی آئے گی۔ماضی کی بے دریغ کرپشن نے ملک کو کھوکھلا کیا۔وزیراعظم عمران خان کا کرپشن فری پاکستان قوم کے دل کی آواز بن چکا ہے ۔بعدازاں جہانگیر ترین سے ملاقات میں سیاسی امور اور عمومی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افواہیں پھیلانے والے پہلے بھی ناکام رہے اور اب بھی ناکام رہیں گے ۔ پنجاب میں کوئی فارورڈ بلاک ہے اور نہ پریشر گروپ۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعت کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں اور پنجاب حکومت کے تمام سٹیک ہولڈرز ایک صفحے پر ہیں۔علاوہ ازیں انصاف لائرز فورم کے صدر چودھری اکبر گجر کی قیادت میں وفدسے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی نے وکلا برادری کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہر طبقے کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔ وکلا برادری کو صحت انصاف کارڈ بھی دیں گے اور اس ضمن میں طریقہ کار طے کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور بار کے ہسپتال کیلئے فنڈز دیئے جائیں گے اور لاہور میں وکلا کیلئے ہوسٹل کے قیام کی تجویز کا جائزہ لے رہے ہیں۔ عنقریب پنجاب بھر کے وکلا کا کنونشن بلایا جائے گا اور اس کنونشن میں وکلا کیلئے پیکیج کا اعلان کریں گے ۔دریں اثنا تحریک انصاف پنجاب کے قومی و پنجاب اسمبلی کے حلقوں کے ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی،جس میں پارٹی کو مضبوط کرنے سے متعلق امور،حلقوں کے مسائل کے حل اورعوام کے ساتھ روابط بڑھانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔قبل ازیں زینب الرٹ بل کے حوالے سے ایک ٹویٹ میں وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ بچوں کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات ہمیشہ تکلیف دہ ہوتے ہیں۔ بچوں کو محفوظ ترین ماحول کی فراہمی ان کا مشن ہے ۔