ملتان ،بستی ملوک( جنرل رپورٹر،نامہ نگار) نواحی علاقے بستی ملوک میں دلخراش واقعہ 500 روپے دیہاڑی کمانے کی خاطر جان کی بازی لگانے والے ایک ہی خاندان کے 7 میں سے 5 افراد جاں بحق دو کی حالت تشویشناک ہے ، واقعہ غیر فعال ویسٹ ڈیسپوزل کو فعال کرنے کے لیے موٹر مرمت کے دوران پیش آیا ،کمشنر ملتان سے رپورٹ طلب کرکے ذمہ داران کے خلاف کاروائی کا حکم دیدیا گیا ، لودھراں کے نواحی علاقہ بستی ملوک ٹول پلازہ کے قریب گندے پانی کے ڈسپوزل کنویں کی موٹرکی مرمت کے لیے پرائیوٹ کنٹریکٹر نے 7 مزدوروں کو کام سونپا جن کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ ڈسپوزل میں اترتے ہی زہریلی گیس سے مزدور امجد کنوئیں میں گر گیا ۔ بھائی احسن نے بچانے کے لیے چھلانگ لگا دی، والد اسلم نے بھی چھلانگ لگا دی، زہریلی گیس سے بے ہوش ہوگئے ، ایک دوسرے کو بچاتے ہوئے دیگر رشتہ داروں نے چھلانگیں لگا دیں ، تمام افراد زہریلی گیس سے دم گھٹنے سے کنوئیں میں گر گئے ، ریسکیو ٹیموں نے سب کو نکالا 5 افراد جاں بحق ہوگئے ، جاں بحق ہونیوالوں میں دو سگے بھائی امجد ، احسن شامل تھے ، ، عدنان، زین اور قاسم کزن تھے ، جاں بحق دو بھائیوں کے والد اسلم اور حسنین کو تشویشناک حالت میں وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور ریفر کر دیا گیا ۔ پولیس نے کنٹریکٹر کو گرفتار کرلیا ۔