لاہور(کلچرل رپورٹر) لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں یوم آزادی پاکستان کے حوالے سے قائدین تحریک پاکستان کی جدوجہد پر مبنی تصاویر کی نمائش کا انعقاد ہوا۔ چیئرپرسن الحمرا منیزہ ہاشمی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے نمائش کا افتتاح کیا۔نمائش میں قائدین تحریک پاکستان کی تاریخی اور نایاب تصاویر آویزاں کی گئی ہیں۔ اس موقع پر چیئرپرسن بورڈ آف گورنز لاہور آرٹس کونسل الحمرا منیزہ ہاشمی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نمائش کا مقصد بچوں ، نوجوانوں کو تحریک پاکستان کی جدوجہد سے آگہی دینا ہے ،نمائش دیکھ کر آزادی کی تحریک کی یاد تازہ ہو جاتی ہے ۔انھوں نے کہا کہ 14اگست ایک عہد کی تکمیل کا دن ہے ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے اس موقع پر کہا کہ قوم متحد ، ملک ترقی کے سفر پر گامزن ہے ،کشمیری بہن بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں،کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی۔اس موقع پر بچوں میں مقابلہ مصوری کا انعقاد بھی کیا گیا۔چیئرپرسن الحمرا منیزہ ہاشمی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے مقابلہ مصور ی میں حصہ لینے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے ۔بچوں اور نوجوانوں کی نمائش اور مقابلہ مصور ی میں بڑی تعداد میں شرکت کی۔