لاہور، پشاور ، لندن ،کوئٹہ (اپنے رپورٹر سے ، سٹاف رپورٹرز)انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے ایک غیرمعمولی بیان میں کہا گیا لاہور کے ہر شہری کی صحت کو سموگ یا گرد آلود زہریلی دھند سے خطرہ لاحق ہے ، جنوبی ایشیا کے لیے ایمنٹسی انٹرنیشنل کی نمائندہ رمل محی الدین کے بیان میں کہا گیا یہ نقصان دہ فضا شہر میں موجود ہر کسی کی صحت کے لیے خطرہ ہے ، ناکافی اقدامات کی وجہ سے حقوقِ انسانی کی صورتحال کے بارے میں خدشات پیدا ہو گئے ہیں ۔ لاہور میں امریکی سفارتخانے میں نصب فضا کے معیار کی نگرانی کرنے والے آلات سے حاصل کردہ اعدادوشمار کے مطابق اس ماہ میں متعدد بار لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 580 تک پہنچ گیا تھا، 580 کی شرح تو ہر فرد کے لیے انتہائی خطرناک تصور کی جاتی ہے ، دریں اثنا لاہور میں گزشتہ روز بادل چھائے رہنے کے علاوہ متعدد مقامات پر بوندا باندی ہوئی، سموگ کی شدت میں کچھ حد تک کمی ہوئی، محکمہ موسمیات نے آج بھی ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے ، کمشنر لاہور ڈویژن آصف بلال لودھی نے سموگ کی روک تھام کیلئے مصنوعی بارش کے حوالے سے سمری سیکرٹری فنانس کو بھجوا دی ، شہر میں مصنوعی بارش کرنے پر 35کروڑ روپے خرچ کا تخمینہ بھجوایا گیا ہے ، راکٹ فائر کے ذریعے کلائوڈ سیڈنگ کا عمل وزیر اعلیٰ پنجاب کی اجازت سے مشروط ہے ۔مزید برآں با لائی کو ہستان میں بارش اور لینڈ سلایڈنگ کے باعث 12 مکانات کو نقصان پہنچا تاہم جانی نقصان نہیں ہوا۔ بلوچستان کے شمالی و جنوبی علاقوں میں تیز بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، اور کچے مکانات منہدم ہوگئے ، ، درجنوں افراد زخمی ہوگئے ، دالبندین، نوکنڈی، چاغی، گردی جنگل میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے ، ،پاک ایران ریلوے ٹریک متاثر ہوا ، پانی گھروں میں داخل ہوگیا اور مویشی بہہ گئے ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا،زیارت اور خانوزئی میں برفباری سے پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔