نئی دہلی (نیٹ نیوز، صباح نیوز) بھارت کی لوک سبھا میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہو گئی جب کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے وزیراعظم مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بنانے کے بعد گلے لگا لیا۔ایوان میںمودی کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا آپ کے اندر میرے لئے نفرت اور غصہ ہے ، آپ کیلئے میں ’’پپو‘‘ ہوں ، آپ مجھے مختلف قسم کی گالیاں دے سکتے ہیں لیکن میرے دل میں آپ کیلئے ایسے کوئی جذبات نہیں ۔میں وزیراعظم اور آر ایس ایس کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے مجھے کانگریس اور ہندوستانی ہونے کا مطلب سمجھایا۔ میں اور یہ پورا ایوان کانگریس ہے اور اس جذبے اور کانگریس نے یہ ملک بنایا ہے ۔تنقید کے بعد راہول مودی کے پاس گئے اور مصافحہ کر کے انہیں گلے لگایا جس پر خود مودی بھی حیران رہ گئے ۔ مودی کو گلے لگانے کے بعد راہول واپس اپنی سیٹ پر آئے اور اپنی جماعت کے ارکان کو آنکھ بھی ماری۔ راہول نے بھارت میں مسلمانوں پر تشدد اور خواتین پر حملوں کا ذمہ دار بھی مودی حکومت کو قرار دیا اور مودی پر فرانس سے جہاز اور ہیلی کاپٹر خریدنے کے معاہدے میں کرپشن کا الزام بھی لگایا۔