کراچی(کلچرل رپورٹر) برطانیہ میں مقیم پاکستان کے جشنِ آزادی کے سلسلے میں لندن ہائی کمیشن میں پْروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہائی کمشنر پاکستان محمد نفیس زکریا نے کیک کاٹا۔ بعدازاں قومی اور ملی نغموں سے سجی محفل موسیفی کا آغاز ہوا۔ گزشتہ برس کی طرح امسال بھی پاکستان کی پہلی اوپرا سنگر سائرہ بیٹر کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔ گلوکارہ سائرہ پیٹر نے اپنی گائیکی کے ذریعے دْنیا بھر میں امن کا پیغام دیا ہے ۔ اس لیے اْنہوں نے سب سے پہلے جمیل الدین عالی کا لکھا ہوا سپرہٹ قومی نغمہ، جسے اْستاد نصرت فتح علی خاں نے کمپوز کیا تھا، اپنی آواز میں پیش کیا۔ محبت امن ہے اور امن کا پیغام پاکستان۔ سائرہ پیٹر نے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملّی نغمے اس بات کی بھرپور غمازی کرتے ہیں کہ ہمارے شعرا اور موسیقاروں کو اپنے دیس، اس کی مٹی کی خوشبو اور اس کی دھوپ چھائوں سے کتنا پیار، جنون اور عشق تھا۔