لاہور(نامہ نگار)حکومت کی جانب سے لوکل ٹرانسپورٹ نہ کھولنے پر متحدہ لوکل ٹرانسپورٹ فیڈریشن کی جانب سے سڑکوں پر نکلنے کا عندیہ دے دیا گیا ہے ،گزشتہ روز لوکل ٹرانسپورٹ فیڈریشن کا ہنگامی اجلاس زیر صدارت دلدار پرویز ہوا جس میں لاہور بھر کے نمائندوں لالہ بشیر ،عمران باڑا ،ملک امجد ،ملک واجد ،حاجی اصغر،ملک قربان ، عرفان مکھن گجر ،آفتاب جٹ اور دیگر نے شرکت کی ، اجلاس میں لوکل ٹرانسپورٹ کو تا حال بحال نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹرز نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے ملک بھر میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو بحال کر دیا گیا لیکن محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی جانب سے تا حال لوکل ٹرانسپورٹ کو بحال نہیں کیا گیا ، انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ سے وابستہ 10ہزار خاندان متاثر ہو رہے ہیں، دووقت کی روٹی پورا کرنا مشکل ہو گیا ، محکمہ ٹرانسپورٹ ایس او پیز بنا کر فوری لوکل ٹرانسپورٹ بحال کرے ورنہ سڑکوں پر احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے ۔