لاہور(خصوصی نمائندہ،نمائندہ خصوصی سے ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ لوٹ مارکا دور نئے پاکستان میں نہیں چل سکتا، پاکستان میں پہلی بار کرپشن پر بڑے بڑے لوگ قانون کے کٹہرے میں کھڑے ہو رہے ہیں۔سول سیکرٹریٹ دربارہال میں سرکاری افسروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر افسرشفافیت،فعالیت،ایمانداری،خود احتسابی اورملک و قوم کی خوشحالی کیلئے کام کرے ،اب باتیں بنانے یا سستی کی کوئی گنجائش نہیں،وطن کو عظیم تر بنانے کیلئے پوری قوم کو متحرک کرنا ہوگا۔ مالی مشکلات کے باوجود پولیس،ڈاکٹروں،انجینئروں اورسول ایڈمنسٹریشن کو پیکیج دیں گے ، گڈگورننس کیلئے ڈاکٹروں،انجینئروں،پولیس اورایڈمنسٹریشن کو مراعات دے رہے ہیں۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت و زیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں پولیس کا 2005 سے منجمد فکس ڈیلی الاؤنس 2013 کی شرح کے مطابق بحال کرنے کی منظوری دی گئی،پولیس کے ساتھ پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس اورٹریفک وارڈنز کو بھی فکس ڈیلی الاؤنس 2013ء کی شرح سے ملے گا۔اجلاس میں کیڈرپوسٹ پر تعینات سول افسران کیلئے ایگزیکٹو الاؤنس کی منظوری د ی گئی،سول افسروں کوان کی بنیادی تنخواہ کے 1.5گنا کے تناسب سے ایگزیکٹو الاؤنس دیا جائے گا،وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر پنجاب کابینہ نے سول سیکرٹریٹ کے گریڈ ایک تا 16 ملازمین کیلئے بنیادی تنخواہ کے 1.5گنا کے تناسب سے خصوصی الاؤنس کی منظوری بھی دی،اجلاس میں چولستان کے بے زمین کاشتکاروں کو سرکاری اراضی کی الاٹمنٹ کی منظوری دی گئی اور اس ضمن میں آئندہ سے زمین شفاف طریقے سے الاٹ کی جائے گی اور اس مقصد کیلئے سکروٹنی کمیٹیاں تشکیل دینے کی بھی منظوری دی گئی،وزیر اعلی نے دریائے جہلم سے بعض علاقوں میں سیلاب سے متاثرہ کاشتکاروں کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی،صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پنجاب کی پہلی سیاحتی پالیسی کی اصولی منظوری دی گئی،اجلاس میں میٹرک اورایف اے ،ایف ایس سی کے امتحانات کے لئے گریڈنگ سسٹم مرحلہ وار متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا اور پہلا مرحلہ نافذ کرنے کی منظوری دی گئی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیااور قومی ویل چیئر کرکٹ ٹیم کو ایشیئن ویل چیئر ٹی 20کرکٹ کپ جیتنے پر 5لاکھ روپے ، سنوکر ٹیم ورلڈ کپ جیتنے پر بلال، اسجد اقبال اور ایشیا سنوکر کپ جیتنے والے بابر مسیح کو ایک ، ایک لاکھ روپے کے نقد انعامات دیئے ، تینوں ایونٹ میں کھلاڑیوں نے فائنل میں بھارت کو شکست دیکر ٹائیٹلز جیتے ، وزیراعلیٰ نے 72ویں پنجاب گیمز 2019ء میں100 میٹر ریس میں تیز ترین ایتھلیٹ قرار پانے والے ایتھلیٹس علی احمد اورفائقہ ریاض کو 50،50 ہزار روپے اور بہترین باڈی بلڈر (ڈیف) قرار پانے پر اصغر علی کو 15ہزار روپے کے نقد انعامات دیئے ، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں ای لائبریری کا بھی افتتاح کیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے محکمہ اطلاعات و ثقافت کے زیر اہتمام کلرز آف پنجاب کے تحت ڈیرہ غازی خان کلچر ل شو میں شرکت کی۔کلرز آف پنجاب کے تحت ڈیرہ غازی خان کلچر ل شو کا اہتمام الحمرا ء ہال میں کیا گیا تھا، ڈیرہ غازی خان سے آئے فنکاروں نے علاقائی و ثقافتی گیت پیش کئے ۔