اسلام آباد(خبر نگار) سپریم کورٹ نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی ہائوسنگ سوسائٹی کیلئے زمین حاصل کرنے سے متعلق کیس کی مزید سماعت آج تک ملتوی کر دی۔ سماعت جسٹس مشیرعالم کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے کی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ہم لوگوں کی زرخیز زمین ان سے لیکر کیسے سپریم کورٹ بار کو دیدیں جس پر وکیل سپریم کورٹ بار نے کہا کہ زمین بالکل بنجر ہے ۔عدالت نے کہا کہ ہمارے سامنے سوال لینڈ ایکوزیشن ایکٹ سے متعلق ہے ، کیا سی ڈی اے آرڈیننس کے ذریعے زمین کا حصول ممکن ہے ۔ سپریم کورٹ نے پنجاب میں ٹریفک وارڈنز کو ملنے والے اضافی الائونس ختم کرنے کا حکومتی موقف درست قرار دیتے ہوئے ٹریفک وارڈنز کو اضافی الائونس دینے کا صوبائی سروسز ٹریبونل کا فیصلہ کالعدم کردیا ۔چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے پنجاب سروسز ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیل منظور کرکے قرار دیا کہ ٹریفک وارڈنز کوپٹرولنگ پولیس سے زیادہ تنخواہ نہیں دی جاسکتی۔سپریم کورٹ نے پولیس افسران کی آئوٹ آف ٹرن پروموشن سے متعلق کیس کی سماعت3 صوبوں کی طرف سے جواب جمع کرانے کیلئے مہلت کی استدعا پر4 ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں 5رکنی لارجر بنچ نے کیس کی سماعت کی تو پنجاب حکومت نے جواب جمع کرا دیا جبکہ سندھ،بلوچستان،کے پی اور وفاق نے جواب جمع کرانے کیلئے مزید وقت دینے کی استدعا کی۔ادھرصادق عمرانی نے بلوچستان اسمبلی کے رکن میر سکندر عمرانی کی کامیابی کیخلاف سپریم کورٹ میں دائر اپیل واپس لے لی ۔درخواست گزار کے وکیل لطیف کھوسہ نے موقف اپنا یا کہ فریقین کے درمیان سیٹلمنٹ ہونے کے باعث درخواست واپس لے رہے ہیں جس پر عدالت نے اجازت دید ی ۔