اسلام آباد (لیڈی رپورٹر، وقائع نگار خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں مخیر حضرات کی کوئی کمی نہیں، عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ان کوششوں کو مربوط بنانا وقت کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباس بپی کی جانب سے ایک پریزنٹیشن کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر، اسٹیبلشمنٹ کے بارے میں مشیر محمد شہزاد ارباب اور وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان بھی موجود تھے ۔ ملک میں شاندار خدمات کو سراہتے ہوئے صدر مملکت نے زور دیا کہ معاشرہ کے پسماندہ طبقہ کی بہتری اور ملک بھر میں مخیرانہ خدمات میں اضافہ کیلئے تمام این جی اوز کو اعتماد میں لے کر اسی سمت میں مربوط کوششیں کرنا چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ایسے کئی ضرورت مند افراد ہیں جن کو مدد کی ضرورت ہے اس لئے ہمیں ان لوگوں کو غربت سے نکالنے کیلئے اجتماعی کوششیں کرنا چاہئیں۔ صدر مملکت نے معذور افراد کیلئے پاکستان بیت المال کی موبائل ایپ کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے پاکستان بیت المال کے چند مستحقین سے بات چیت بھی کی اور ان کے سہولیاتی مرکز کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے پاکستان بیت المال کی مستحقین کی بہتری کیلئے اقدامات اور کوششوں کی تعریف کی۔