اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوزایجنسیاں)تحریک انصاف کے رہنماؤ ں نے کہا ہے لوگوں کو امیدیں بہت ہیں، اتنی امیدیں ہوں تو ڈر بھی لگتاہے ۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اور پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا،پنجاب میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں،واضح اکثریت کے لئے 149 نمبرز درکار ہیں، امید ہے ہمارا نمبر 180 اور 186 کو چھوئے گا،اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گے ،سعودی فرمانروا نے عمران خان کی دورۂ پاکستان جبکہ عمران خان نے دورۂ سعودی عرب کی دعوت قبول کرلی ۔ تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا پیپلزپارٹی کے ساتھ بیک ڈور رابطے یا کوئی ڈیل نہیں ہورہی، کابینہ سمیت تمام امور کے بارے میں فیصلے ہوگئے۔ ، اپوزیشن کا رویہ پارلیمنٹ میں انتہائی مثبت رہا ،اپوزیشن نہیں چاہے گی تو ہم حکومت نہیں چلا سکیں گے ،مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی معزز جماعتیں ہیں جن کی عزت کرتے ہیں،عمران پروٹوکول نہیں لیں گے تاہم ان کی سکیورٹی پرکمپرومائز نہیں کرینگے ،وہ اسمبلی اجلاسوں میں شرکت اورپارلیمنٹ کو فیصلوں کا مرکز بنائیں گے ، وزیراعلیٰ پنجاب کے لاہور میں 7 جبکہ راولپنڈی اور مری میں الگ دفاتر ہیں، وزیراعظم ہاؤس میں ساڑھے تین سو ملازم جبکہ وزیراعظم کی 80 میں سے 33 گاڑیاں بلٹ پروف ہیں، خرچے کم کریں گے ،معیشت کا جو برا حا ل نوازشریف اور اسحاق ڈار نے کیا اس پر وائٹ پیپرز لیکر آئینگے ،احتساب کے قانون کو مزید معتبر بنانے کیلئے قانون سازی کرینگے ،آرٹیکل 62اور63 ،اٹھارہویں ترمیم پر پارلیمنٹ میں بحث کی ضرورت ہے ۔