اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے لاڑکانہ کے ضمنی انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام کے پی ٹی آئی کا اتحادی بننے پر مولانا فضل الرحمن سے کہا ہے کہ اپنی پوزیشن واضح کریں ۔انہوں نے سوال کیا کہ لاڑکانہ میں انتخابی اتحاد اور وفاق میں اختلاف مولانا فضل الرحمن کی یہ کیسی دوہری سیاست ہے ؟ وہ واضح کریں کہ وہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں یا خلاف۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر آزادی مارچ کیلئے سندھ حکومت شرکاکو سہولیات دے رہی جبکہ فضل الرحمن کی پارٹی سندھ میں ہی پی پیکیخلاف انتخابی مہم چلا رہی ہے ۔فضل الرحمن کی دوہری سیاسی پالیسی سے جیالے غم و غصے کا شکار ہیں۔علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر حسین بخاری نے کہا کہ نالائق اعظم اور ناتجربہ کار ٹیم موجودہ سنگین معاشی و اقتصادی بحران کے ذمہ دار ہیں ،مہنگائی بے روزگاری کے سونامی میں ڈوبی عوام عمران خان سے نجات چاہتی ہے ۔ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ جھانسہ اور 50 لاکھ گھر جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ معیشت روز بروز بیٹھ رہی ہے ، سفید پوش طبقہ غربت میں مبتلا اور غریب کی اولاد مہنگائی کی چکی میں پس کر رہ گئی ہے ۔