کراچی(سٹاف رپورٹر)تحریک انصاف، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس اور متحدہ پاکستان نے کہا ہے کہ لاڑکانہ والوں نے شہر کی تباہی کا بدلہ لے لیاہے ۔بھٹو کے چاہنے والوں نے ثابت کردیا سندھ میں لوٹ کھسوٹ کا نظام مزید نہیں چل سکتا،اب سندھ بھر سے کرپٹ زرداری لیگ کا صفایا ہوگا۔ فنکشنل لیگ سندھ کے صدر اور جی ڈی اے کے مرکزی صدر پیر صدر الدین شاہ نے پارٹی رہنمائوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ سانحہ کارساز شہدا کے ورثا سمیت پوری قوم بلاول سے سوال کررہی ہے کہ سانحہ کارساز اور راولپنڈی کے قاتل ابھی تک کیوں نہیں پکڑے جاسکے ہیں؟ جی ڈی اے کے انفارمیشن سیکرٹری سردار عبد الرحیم نے کہا کہ لاڑکانہ والوں نے شہیدوں کے نام سے عوام کو بیوقوف بنانے والی زرداری لیگ کو شکست دے کر شہیدوں کا قرض اتاردیا۔ تحریک انصاف کے قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے معظم علی عباسی کو رہائش گاہ پر جاکر مبارکباددی۔ تحریک انصاف کے سینئر رہنما خرم شیر زمان نے پارٹی سیکرٹریٹ میں کہا کہ لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی کو شکست اس ماں کی بد دعا ہے جس کے بچے کو کتے کے کاٹنے کی ویکسین نہیں ملی تھی ۔ پی ٹی آئی رہنما شہزاد قریشی نے کہا کہ جب تک سندھ کے وزرا کو کتے نہیں کاٹیں گے انہیں عوام کی تکلیف کا احساس نہیں ہوگا۔ متحدہ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہاکہ معظم عباسی کی کامیابی سندھ سے نااہل ،بد عنوان حکمرانوں کے تاریک دور کے خاتمے کی نوید ہے ۔