لنڈی کوتل،کامونکے ، ساہیوال،سیالکوٹ،لاہور،فیصل آباد (نمائندہ 92نیوز،نامہ نگار،ڈسٹر کٹ رپورٹرز،92نیوز رپورٹ،کرائم رپورٹر،خصوصی رپورٹر) لنڈی کوتل میں 3بھائیوں سمیت 5افراد کو قتل کردیاگیا ،کامونکے میں بچے کی بوری بند لاش برآمد جبکہ دیگر وارداتوں میں 3افراد مارے گئے ۔ پولیس کے مطابق لنڈی کوتل بازار کے قریب جائیداد تنازع پر ملزموں نے گاڑی پر فائرنگ کردی جس سے 3بھائیوں سمیت 4افراد موقع پر دم توڑ گئے جبکہ 3زخمی ہوگئے ایک زخمی ہسپتال میں دم توڑ گیا۔کامونکے میں محلہ رسولنگر کے رہائشی عمران کا بیٹا سات سالہ حسنین ایک روز قبل گھر سے چیز لینے کے لئے نکلا تھا کہ لاپتہ ہوگیا تھا جس پرپولیس نے بچے کے ماموں کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا تھا جبکہ آج تھانہ ایمن آباد کے علاقہ کوٹ بھٹہ کے قریب کھیتوں سے حسنین کی بوری بند نعش برآمد ہوئی جس کو سفاک ملزمان نے بیدردی سے قتل کرکے اُس کی آنکھیں بھی نکال دی تھیں۔پولیس نے بچے کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر کے کارروائی شروع کردی ہے ۔دریں اثنا آئی جی پنجاب نے ایمن آباد میں 7 سالہ بچے کی بوری بند نعش ملنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ۔ساہیوال نواحی چک91۔سکس آر اﷲ دتہ اور اسکی بیوی کے در میان مالی مشکلات پر جھگڑا ہو گیا جس پر اﷲ دتہ نے چار بچوں کی ماں سمیرا کو صبح3بجے کلہاڑی کے و ار کر کے سر تن سے سے جدا کر دیا اور کلہاڑی سمیت تھانہ فرید ٹاؤن میں پیش ہو کر بیوی کے قتل کا اعتراف کر لیا ۔ سیالکوٹ میں 13 سالہ لڑکی کو اغوا کے بعد قتل کرنے والا ملزم پکڑا گیا،ملزم شاہد بچی کا ہمسایہ نکلا،ملزم نے گھر سے دودھ لینے نکلی بچی کو زیادتی کی نیت سے دبوچا اور شور کرنے پر قتل کرکے لاش کھیتوں میں چھپا دی تھی، پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف جرم بھی کر لیا ، بچی کا دودھ والابرتن بھی برآمد کر لیا گیا۔ فیصل آباد کے علاقے جھنگ بازار میں تعمیراتی کام کے دوران تلخ کلامی پر تحر یک انصاف کے سابق یوتھ کونسلر رانا سفیان خان کو قتل کر دیا گیا ، قاتل حمزہ فا ئر نگ کرتا ہوا فرار ہو گیا۔