اسلام آباد،راولپنڈی(سٹاف رپورٹر ، رپورٹر 92نیوز)لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ نے مبینہ طور پر 2 لڑکیوں کی ہم جنس شادی کے معاملے میں لڑکی سے لڑکا بننے کے دعویدار مبینہ ددلہا علی آکاش عرف (عاصمہ بی بی) کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے اور شناختی کارڈ بلاک کرنیکا حکم دے دیا۔ جسٹس چودھری عبدالعزیز کی عدالت میں دوران سماعت پولیس نے دلہن نیہا علی کو عدالت میں پیش کیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ ہم نے بہت جگہوں پر چھاپے مارے ،دولہا نہیں ملا۔ جسٹس چودھری عبدالعزیز نے یہ ریمارکس د یئے کہ اس ملک کو این جی اوز نے تباہ کردیا ، لڑکی کی لڑکی سے شادی غیر ملکی ویزے حاصل کرنے کا آسان حل ہے ۔دوران سماعت لڑکی نیہا علی کی جانب سے اپنے والدین کے ساتھ جانے سے انکار کردیا گیا۔مبینہ ددلہا کے وکیل نے کہا کہ مجھے ایک موقع اور دیں اگر آئندہ علی آکاش پیش نہ ہوا وکالت نامہ واپس لے لونگا۔بعد ازاں عدالت نے دلہن نیہا علی کو دارالامان بھیجنے کا حکم د یا۔جسٹس چودھری عبدالعزیز نے دارالامان کی انچارج کو ہدایت کی کہ بچی آپ کے حوالے کر رہا ہوں اس کا خیال رکھیں اور اس کی تعلیم مکمل کرائیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 17 اگست تک ملتوی کردی۔