اسلام آباد(عمرانہ کومل)وزیر اعظم عمران خان گود میں بچے اٹھائے مستحق خواتین کے راج دلاروں کے سر پر ہاتھ رکھ کر شفقت کااظہار کرتے رہے ۔ وزیر اعظم نے ہمیں اپنے ساتھ بٹھایا۔ سٹیج پر بڑے بڑے سیاست دانوں کے بجائے ہم تھے ۔نظر انداز افرادکو وی وی آئی پی کہ کر پکاراگیا۔ وزیر اعظم کے مشیر، وزرا پچھلی سیٹوں پر جبکہ ہم وزیر اعظم کیساتھ اگلی سیٹوں پر بٹھائے گئے ۔ آج لگ رہاہے تبدیلی آگئی ہے ۔ احساس کفالت کارڈ کے اجرا کی تقریب میں وزیر اعظم سے کارڈ وصول کرنے والی خواتین نے روزنامہ 92نیوز سے گفتگوکرتے ہوئے کہا دووقت کی روٹی کے حصول نے زندگی اجیرن بنارکھی ہے ، ایسے میں تعلیم صحت روزگار کی سہولیات کی فراہمی کا اعلان کرکے حکومت نے ہم مایوسی میں ڈوبے لوگوں کو امید کی کرن دکھائی ہے ۔ دعاہے وزیر اعظم عمران خان کا پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کا عزم پایہ تکمیل تک پہنچے ۔غلام مقصوم کی آنکھیں بھر آئیں ۔ انہوں نے کہا جس طرح وزیر اعظم نے میرے معصوم بچے کے سر پر ہاتھ رکھاہے دعاکرتے ہیں اللہ پاک اپنی رحمت عمران خان پر یونہی رکھے ۔ بستہ حرم، نسرین بی بی ، نسیم بی بی ، بخت بی بی، عابدہ بی بی ، رخسانہ بی بی ، امینہ گل ، عابدہ قیصر اور نورین نے کہا جس درد دل سے وزیر اعظم نے ہمیں نہ صرف ماہانہ وظیفہ بلکہ اس کارڈ پر یوٹیلٹی سٹورز پر رعایت ، تعلیم ،صحت کی سہولیات کی فراہمی کے پیکج کی بھی خوشخبری سنائی، یہ واقعی وزیر اعظم کے خاص احساس کا عملی نمونہ ہے ۔ اسلم خاتون، پسوارا بی بی،افروز بی بی،آمنہ، امیت بی بی اور حسینہ بی بی نے کہا70سال سے تبدیلی کے نعروں کو ووٹ دیتے رہے لیکن ہمارے حالات نہ بدلے آج ہمیں اس تقریب میں ہمارے نام سے پہلے محترمہ محترمہ محترمہ پکارا گیا ہمیں عزت دی گئی اور ہمارے دکھوں کو بیان کیاگیا ، لگتاہے ہماری مردہ امیدیں جانبر ہورہی ہیں۔ وزیر اعظم سے امید کرتے ہیں یہ آج کئے گئے تمام وعدوں کواسی طرح پورا کریں گے جیسے کئے جارہے ہیں ۔ احساس کفالت کارڈ سے مستفید ہونے والی بخت زادی، امیر زادی نامی مستحق خواتین بھی تھیں جن کے والدین نے ان کا نام شاہانہ رکھالیکن تقدیر نہ بناسکے ۔انہوں نے کہا آج وزیر اعظم کے مساوی نشستوں پر بیٹھ کر خود کو بخت بھری اور امیر زادی محسوس کر رہے ہیں ۔دریں اثناء احساس کفالت پروگرام کے اجرا کی تقریب میں شرکت کرنے والی سیاسی وسماجی خواتین رہنما نے احساس کفالت کارڈ پر قائد اعظم کی تصویرکی اشاعت کو عمران خان حکومت کا اہم اور تاریخی اقدام قرار دیا ہے ۔ روزنامہ 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شہلا خان، سیماں خان، ہاجرہ، سیدہ فردوس ، خولہ خان ، ایڈووکیٹ طلعت اور ایم پی اے عابدہ راجہ، شازیہ نے کہاہم اپنے قائد عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے وژن پرمبنی پاکستان بنانے کابیڑہ اٹھارکھاہے ۔