ملتان،کبیروالا(سپیشل رپورٹر،نامہ نگار) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک میں ترقی کی رفتار رک چکی ہے ۔ خواہش ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے مگر یہ حکومت چھوڑ کر بھاگ جائیں گے ۔ ہمیں نہیں لگتا کہ حکومت معاملات سنبھال سکے گی۔ موجودہ حکومت نے ریکارڈ قرضہ لیا ہے ۔ملتان میں ا سد عباس شاہ کی رہائشگاہ چوک کمہاراں والا پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این آر او کیا ہوتا ہے ہمیں بتا دیں،احتساب سب کا ہونا چاہئے ، میں انتظار کررہا ہو ں کہ مجھ پر کوئی کیس بنائے ،حکومت اپنی ساکھ کھو چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبہ بہاولپور اور جنوبی پنجاب کے لیے اسمبلی میں قراردادیں پیش کیں۔ اب حکومت صوبے پر سنجیدگی دکھائے ۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت میں حج پر سبسڈی دی گئی ۔پی ٹی آئی نے سبسڈی دینے کے بجائے حج بھی مہنگا کر دیا گیا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا شیخ رشید کی باتوں کو اہمیت نہیں دیتا ۔ کبیروالا میں کسان کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پانچ ماہ میں ہی ناکام ہو نے والی حکو مت اور ملکی معیشت تبا ہ کر نے والے حکمرانوں کو عوام جلد اقتدار کے ایوانوں سے اٹھا کر باہرپھینک دیں گے ، ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے کے لئے کسان کے بنیادی مسائل حل کئے جائیں ۔