اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍ اے پی پی) وزیراعظم عمران خان 3 روزہ دورہ امریکہ مکمل کر نے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ و دیگر حکام آج پاکستان کے لئے روانہ ہونگے ۔ وزیر اعظم واپسی پر نجی ائیرلائن کی پرواز سے دوحہ (قطر ) پہنچے جہاں پرقطری وزیر اعظم شیخ عبداللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی نے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی وفد کا حمد انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر استقبال کیا، دونوں رہنمائوں میں ملاقات بھی ہوئی۔ اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم نے کامیاب دورہ امریکہ سے واپسی پر قطر میں مختصر قیام کیا۔قطر کے ہم منصب نے وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کیا۔دونوں وزرائے اعظم نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم نے امیر قطر کے حالیہ دورہ پاکستان کے حوالے سے بات کی۔عمران خان نے معاشی تعاون کرنے پر قطر کا شکریہ ادا کیا۔قطری وزیر اعظم نے عمران خان اور وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔رات گئے وزیر اعظم عمران خان کے وطن پہنچنے پر وفاقی کابینہ کے ارکان اور بڑی تعداد میں پارٹی کارکنوں نے ان کا اسلام آباد ائیر پورٹ پر استقبال کیا ۔ اسلام آباد ائرپورٹ پر تحریک انصاف کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ ہم صرف اﷲ کی عبادت کرتے ہیں اور اﷲ سے ہی مدد مانگتے ہیں۔ایسا لگ رہا ہے ورلڈکپ جیت کرآرہا ہوں۔پاکستان وہ واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر بنایا گیا۔رات کے اس وقت استقبال کیلئے آنے پر کارکنوں کا شکریہ اداکرتا ہوں۔کبھی کسی کے سامنے جھکا نہ قوم کو جھکنے دوں گا۔پاکستان میں اصلاح کرنی ہے ، اداروں کو ٹھیک کرنا ہے ۔دنیا صرف اس کی عزت کرتی ہے جواپنی عزت خودکرتا ہے ۔اس بات کو کبھی نہیں بھولنا کہ اس قوم نے عظیم قوم بننا ہے ۔قوم سے وعدہ ہے کبھی مایوس نہیں کروں گا۔چوروں اورڈاکوؤں کے جانے کے بعد ملک کو ٹھیک کرنے میں ایک سال لگا۔امریکہ میں بھی کہاکہ چوروں اور ڈاکوؤں کا لوٹ کر باہر لے جایا گیا پیسہ وطن واپس لینے میں مددکی جائے ،یہ چورڈاکوحکومت نہ کرتے تو ملک اپنی منزل تک پہنچ چکا ہوتا، ہم نے ادارے ٹھیک کرنے ہیں ایف بی آر کو ٹھیک کرنا ہے ۔ ہم اسی ملک کو کھڑا کرینگے ، پیسہ اکٹھا کرکے بیروز گاروں کو روز گار دیں گے ۔ ہسپتال بنائیں گے ۔ ہم نے اس ملک کو ادھر لے کر جانا ہے جدھر یہ ملک عظیم بن چکا ہوتا۔ ایک سال پہلے اس قوم نے مجھے الیکشن جیتا یا تھا اقتدار دیا تھا میں آپ کو کبھی مایوس نہیں کروں- گا۔ ایک سال لگا ملک سنبھالنے میں جس طرح ڈاکو چور پیسے باہر لے کر گئے آپ دیکھیں گے ہم آگے بڑھیں گے ۔ یہ بات اپنے ذہنوں میں ڈال لیں اﷲ نے اس ملک کو ہر نعمت دین ہے ۔ ہم بہت خوش قسمت ہیں ہر نعمت اﷲ نے اس ملک کو دی ہے ۔ ہم نے اداروں کو ٹھیک کرنا ہے ۔ آپ دیکھیں گے یہ ملک کیسے ترقی کریگا ۔ جب پاکستانی گرین پاسپورٹ لے کر نکلے گا دنیا اس کی عزت کریگی۔ اسلام آباد پہنچنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان سیدھے بنی گالہ چلے گئے ۔وزیر اعظم نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم نے واشنگٹن میں بروقت اپ ڈیٹس دیں، شکریہ ادا کرتا ہوں۔قبل ازیں واشنگٹن میں پارٹی رہنمائوں و کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا قومی وقار اور غیرت پر سمجھوتہ نہ کیا جائے ، عزت نفس بڑی چیز ہے ، مدینہ کی ریاست کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہو کر کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ دریں اثناء وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکہ پر امریکی ایوان نمائندگان میں قرار داد منظور کی گئی،قرار داد شیلا جیکسن نے پیش کی۔قرار داد میں وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کا خیر مقدم کیا گیا۔قرار داد میں کہا گیا کہ عمران خان پاکستان میں کرپشن اور غربت کیخلاف جدوجہد کررہے ہیں ۔عمران خان کی قیادت میں پاکستان کے خارجہ تعلقات میں نمایاں بہتری آئی۔قرار داد میں افغان امن عمل میں وزیر اعظم عمران خان کے کردار کا اعتراف کیا گیا۔قرار داد میں دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے جانی و مالی نقصان کا بھی اعتراف کیا گیا۔قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ عمران خان نے پہلی بار قبائلی علاقوں میں حکومتی عملداری قائم کی۔عمران خان کی شکل میں پاکستان کو بہادر اور ایماندار قیادت میسر آئی ہے ، قرارداد کی کاپی وزیراعظم کو بھی پیش کی گئی ۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان کی کیپٹل ہل آمد پرامریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی نے کہا جنوبی ایشیامیں قیام امن کے لئے وزیراعظم عمران خان کی خدمات پر سلیوٹ پیش کرتی ہوں۔امریکی رکن کانگریس بریڈ شیرمن نے کہا عافیہ صدیقی کے بدلے شکیل آفریدی کی رہائی کی پیشکش بہت زبردست ہے ۔شیلا جیکسن و دیگر ارکان کانگریس نے کہا جنوبی ایشیا میں پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے ، خطے میں امن کے قیام کے لئے وزیراعظم عمران خان کی خدمات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔