لاہور(سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کا کہنا ہے کہ رواں سال ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ ملتوی کرنے کا کوئی فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔کونسل کے بورڈ کی ٹیلی کانفرنس آج ہوگی جس میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی نئی تاریخوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ آسٹریلیا میں رواں سال شیڈول ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا 2022ء تک التوا اکتوبر میں انڈین پریمئر لیگ کیلئے ونڈو کھول سکتا ہے ۔ آئی سی سی بورڈ کے ایک ممبر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرائط پربتایا کہ ورلڈ ٹی ٹونٹی کے التوا کا فیصلہ آج کی میٹنگ میں کر دیا جائے گا، باضابطہ اعلان ہوگا یا نہیں یہ سوال نہیں ہے ۔ انہوں نے مزید کہا اس صورتحال میں ورلڈ ٹی ٹونٹی کے انعقاد کا کم امکان ہے ، مجھے نہیں لگتا کہ التوا پر کرکٹ آسٹریلیا یا ٹاپ بورڈز کو کوئی اعتراض ہوگا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ کرس ٹیٹلی کی سربراہی میں آئی سی سی کی ایونٹس کمیٹی ایک سے زیادہ آپشنز پیش کرسکتی ہے اور ممبران کو اس پر سنجیدگی سے غور کرنے ہوگا، ایک آپشن میگا ایونٹ کو اکتوبر، نومبر 2022ء میں کرنا ہے ۔بورڈ کے ممبر نے یہ بھی کہا کہ یہ ناصرف ممالک کے بارے میں ہے بلکہ براڈ کاسٹرسٹار سپورٹس کے بارے میں بھی بات ہونی ہے جو اتفاق سے آئی سی سی کے دونوں مقابلوں کے ساتھ بی سی سی آئی کے بھارتی کرکٹ اور آئی پی ایل کے حقوق بھی رکھتا ہے ۔