کراچی(سٹاف رپورٹر) پاکستان کے پہلے وزیراعظم نوابزادہ لیاقت علی خان کا 68 واں یوم شہادت ملک بھر میں عقیدت واحترام سے منایاگیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل ،وزیراعلیٰ مرادعلی شاہ ، میئر کراچی وسیم اختر، حلیم عاد ل شیخ سمیت پی ٹی آئی کے ارکان سندھ اسمبلی،متحدہ پاکستان رابطہ کمیٹی کے ارکان اوردیگر نے لیاقت علی خان کے مزار پر حاضری دی ، فاتحہ خوانی کی اور مزار پرپھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ بعدازں مزار پر رکھی گئی کتاب میں اپنے تاثرات تحریر کئے ۔ اس موقع پر گورنرسندھ عمران اسماعیل نے مہمانوں کی کتاب میں غلط تاریخ شہادت درج کردی۔ انہوں نے تاریخ شہادت 16 اکتوبرکے بجائے 14 اکتوبرتحریرکردی جسے کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیا ۔