طرابلس(نیٹ نیوز،این این آئی) لیبیا میں نامعلوم جنگی طیاروں نے الوطیہ میں واقع تر ک فوجی اڈے پر بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں ترکی کا ایئر ڈیفنس سسٹم تباہ ہوگیا، عسکری ذرائع نے بتایا کہ فوجی اڈے پر ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات کو شدید بمباری کی گئی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق لیبیا کے الوطیہ فضائی اڈے پر جنگی طیاروں نے بمباری کی جس سے بیس میں موجود ترک فوج کا ایئر ڈیفنس سسٹم مکمل طور پر تباہ ہوگیا، اس فوجی اڈے کا قبضہ مئی میں اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ لیبیا کی حکومت (جی این اے ) نے ترک فوجیوں کی مدد سے واگزار کروایا تھا اور اب یہ ترک فوجیوں کے استعمال میں تھا۔نیشنل آرمی کے کمانڈر حفتر نے خود کو بری الذمہ قرار دیتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ فوجی اڈے پر حملہ نامعلوم جنگی طیاروں نے کیا تاہم حملے کی ذمہ دار جنرل حفتر اور ان کی مددگار عسکری فورس پر ہی عائد کی جا رہی ہے ۔ ترک فوج کی جانب سے کسی قسم کا تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے تاہم اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ حکومت کے فوجی ترجمان نے فضائی حملے کی تصدیق کی ہے ۔دوسری طرف لیبیا میں قائم برطانوی سفارت خانے کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ لیبیا میں غیرملکی مداخلت نے سیاسی حل کو پیچیدہ بنادیا اور متحارب فریقوں کے درمیان جنگ بندی کی کوششوں کو نقصان پہنچا ہے ۔