لاہور (خصوصی نمائندہ،92 نیوزرپورٹ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کے مفروروں اور لٹیروں کا تھنک ٹینک لندن میں بیٹھ کر ایک بار پھر ملک کے غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کی منصوبہ بندی کررہا ہے ۔عدالتوں سے بیماری کے نام پر ریلیف لے کر لندن جانے والے بیماری پر سیاست نہ کریں۔حلقہ 151میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں اور عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہور کو پیرس بنانے کے دعویداروں نے اپنے دور میں کچھ نہ کیا اور سڑکوں کی خستہ حالی عوام کے سامنے ہے ۔انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں الیکشن کمیشن میں غیرجانبدار بندہ آئے ،آنے والے دنوں میں لوٹا ہوا پیسہ واپس آئے گا۔مریم نواز نے کورٹ میں خود اپلائی کیا ہے ، جن کی جائیدادیں باہر ہیں وہ پاکستان کے بارے میں باہر کیا سوچ رہے سب کو پتہ ہے ۔ پاکستان آنا تب پسند کریں گے جب ان کو پتہ ہو کہ ہماری حکومت آئے گی۔ یہ لوگ کرپشن کے آئن سٹائن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 32 کمپنیوں میں سے 1 میں ہی 40 سے 50 ارب کی کرپشن سامنے آئی ہے ۔صوبائی وزیر نے سمن آباد چوک میں مین سمن آباد روڈ اور لیاقت چوک میں مین سبزہ زار روڈ کے تعمیر و مرمت کے منصوبوں کے افتتاح کے علاوہ دیگر ترقیاتی منصوبوں کا بھی افتتاح کیا۔