لاس اینجلس ( ویب ڈیسک) ہالی ووڈ کے ایک رومانوی فلم ساز نے اپنی گرل فرینڈ کو فلمی انداز میں شادی کی پیشکش کی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق 29 سالہ لی لوچلر کی گرل فرینڈ ڈاکٹر اسٹوتھی ڈیوڈ کو ڈزنی کی فلمز دیکھنے کا بے حد شوق رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ لی لوچلر نے اسٹوتھی ڈیوڈ کو اس طرح شادی کی پیشکش کرنے کا ارادہ کیا کہ وہ اسے پوری زندگی یاد رکھ سکیں۔انہوں نے ایک فلم تھیٹر میں اپنی گرل فرینڈ کی ان کی پسندیدہ فلم ’’سلیپنگ بیوٹی‘‘ دکھانے کا منصوبہ کیا اور پھر وہی ان سے منگنی بھی کی۔ لی لوچلر نے امریکی شہر بوسٹن میں ایک سینما گھر کرائے پر ایک دن کے لیے بک کیا، اس موقع پر ان کے علاوہ ان کے دوست اور خاندان کے افراد بھی تھیٹر میں موجود تھے ۔فلم ساز کئی ماہ سے آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی فنکارہ کے ساتھ مل کر سلیپنگ بیوٹی کے کردار ’’شہزادہ فلپس‘‘ اور ’’شہزادی ارورا‘‘ کو اپنی اور اسٹوتھی کی شکل دینے پر کام کررہے تھے ۔لی لوچلر جب اسٹوتھی کو اس تھیٹر میں فلم دکھانے لائے تو اس وقت وہ یہ نہیں جانتی تھی کہ ان کے لیے وہاں ایک سرپرائز پلان کیا گیا ہے ۔لی لوچلر نے اس موقع کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی جس میں دکھا جاسکتا ہے کہ فلم کے آغاز پر اسٹوتھی کو ایسا محسوس ہونے لگا کے فلم کے کرداروں میں کچھ گڑبڑ ہے ۔جس کے بعد لی لوچلر نے سب کے سامنے انہیں شادی کی پیشکش کرتے ہوئے ان سے منگنی کی۔