بارسلونا (سپورٹس ڈیسک)ارجنٹینا اور بارسلونا کے عالمی شہرت یافتہ سپرسٹار لیونل میسی نے کیریئر میں چھٹی مرتبہ سال کے بہترین فٹبالر کا ایوارڈ بیلن ڈی اور اپنے نام کرلیا۔32سالہ فٹبالر کو فرانس کے دارالحکومت پیرس کے چیٹیلیٹ تھیٹر میں منعقدہ تقریب میں ایوارڈ سے نوازا گیا جبکہ امریکا کی ورلڈ کپ سپر اسٹار میگن ریپی نو نے ویمن فٹبال کا بیلن ڈی اور جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔میسی نے 2015 کے بعد پہلی مرتبہ بیلن ڈی اور جیتا ہے اور اپنے روایتی حریف کرسٹیانو رونالڈو پر برتری حاصل کر لی ہے جو اب تک پانچ بیلن ڈی اور جیت چکے ہیں۔فٹبال کے سب سے بڑے ایوارڈ تصور کیے جانے والے بیلن ڈی اور کا انعقاد ایک فرانسیسی میگزین کرتا ہے جس میں دنیا بھر کے صحافی بہترین فٹبالر کے ایوارڈ کے لیے ووٹ کرتے ہیں۔اس ایوارڈ کے لیے میسی کا مقابلہ لیورپول کے کپتان وین دجک اور کرسٹیانو رونالڈو سے تھا جس میں میسی ایوارڈ جیتنے میں کامیابی رہے جبکہ پورے سیزن میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے لیورپول اسٹار دوسرے اور رونالڈو تیسرے نمبر پر رہے ۔لیونل میسی گزشتہ ایک سال سے مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں جہاں اب تک سال 2019 میں کھیلے گئے 54میچوں میں 46گول اسکور کر چکے ہیں جبکہ لا لیگا کے 34 میچوں میں 36گول اسکور کرکے انہوں نے گزشتہ سیزن میں بارسلونا کو چیمپیئن بنوانے میں مرکزی کردار ادا کیا تھا۔ایوارڈ جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے میسی نے کہا کہ میں نے آج سے 10سال قبل پیرس میں ہی اپنا پہلا بیلن ڈی اور جیتا تھا اور مجھے آج بھی یاد ہے کہ میں 22سال کی عمر میں اپنے تین بھائیوں کے ہمراہ یہاں آیا تھا۔