لاہور( خبرنگارخصوصی)صوبائی وزیر کالونیز فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ن لیگ اور بلاول بھٹو نے ان سے بے وفائی کر دی،پارٹی صدرکی حیثیت سے صرف شہبازکافیصلہ چلے گا۔ پنجاب اسمبلی کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن مایوسی کا شکار ہیں لانگ مارچ سے انھیں کچھ حاصل نہ ہوگا، شہبازشریف جانتے ہیں مولانا فضل الرحمن کا دھرنا کوئلہ کی تجارت کے مترادف ہے ،کوئلے کی تجارت سے ہاتھ اورمنہ کالے ہوتے ہیں۔ ا نہوں نے کہاکہ شہبازشریف تو جانتے لیکن پرویزرشید شہبازشریف کو ناکام بنانا چاہتے ہیں،کیپٹن(ر)صفدر نظروٹوکا کردار ادا کررہے ہیں،مسلم لیک (ن) شہبازشریف کے ویژن کے مطابق دھرنے میں شریک نہیں ہوگی ۔مولانا فضل الرحمن کے دھرنے کی مثال خدا ملانہ ْصنم ملا کی ہے ۔مولانا فضل الرحمن را کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں اور وہ ناموس رسالتﷺ کے نام پر پیسے اکٹھے کررہے ہیں ،مولانا حنیف جالندھری مولانا فضل الرحمن کو پیسے اکٹھا کرنے سے بچائیں ، حکومت مدارس اور مساجد کا احترام کرتی ہے ،ہمارااحتجاج سانحہ ماڈل ٹائون میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے تھا۔