اسلام آباد،دبئی (وقائع نگار خصوصی،خصوصی نیوز رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک)آئی ایم ایف کی جانب سے کہاگیا ہے کہ پاکستان کی مدد کرنے کے لئے تیار ہیں، فیصلہ کن پالیسیوں اور معاشی اصلاحات کے مضبوط پیکیج سے پاکستانی معیشت میں استحکام آئے گا اور پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے بنیاد فراہم کرے گا،اتوارکو دبئی میںوزیراعظم عمران خان سے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لیگارڈنے ملاقات کی ، اس موقع پر وزیرخزانہ اسدعمراوروزیرخارجہ شاہ محمود بھی موجودتھے ۔ آئی ایم ایف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لیگارڈ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے اچھی اور تعمیری ملاقات ہوئی جس میں پاکستان میں حالیہ معاشی ترقی اور مستقبل کے امکانات پر بات چیت ہوئی ، پاکستان کے ساتھ جاری آئی ایم ایف پروگرام پر بات چیت کے تناظر میں گفتگو ہوئی جس میں ’میں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئی ایم ایف پاکستان کی مدد کیلئے تیار ہے ،انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ جیسا کہ نئی حکومت کے پالیسی ایجنڈا میں زوردیا گیا ہے کہ غریب طبقے اور گورننس کی مضبوطی پائیدار انداز میں لوگوں کے معیار زندگی کے لیے اہم ترجیحات ہیں۔ادھر وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا آج کی ملاقات میں انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لیگارڈ کو معاشرے کے پسماندہ ترین طبقے کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے پاکستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے کیلئے جامع ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی ضرورت کے حوالے سے اپنا ہم خیال پایا، ملکی ترقی کیلئے اصلاحات کی ضرورت پر دونوں کے خیالات میں مماثلت تھی،دونوں نے معاشرے کے غریب لوگوں کو تحفظ دینے پر اتفاق کیا۔دریں اثنا دبئی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ملکی معیشت کی ترقی کا پروگرام لائینگے ،وزیراعظم اوروفد کی آئی ایم ایف سربراہ سے ملاقات مفید رہی،پاکستان کی آئی ایم ایف کے ساتھ ہم آہنگی ہوگئی،پروگرام میں کم آمدنی والے طبقات کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے ،ہم عنقریب مل کر ایک پروگرام مرتب کریں گے ،ہماری اور آئی ایم ایف کی سوچ میں خاصی مطابقت پائی جاتی ہے ،ہمارا آئی ایم ایف کیساتھ بنیادی نکات پراتفاق ہو گیا،تکنیکی تفصیلات جلدطے ہونگی۔وزیر خارجہ نے مزیدکہاوزیر اعظم نے سعد الحریری کو دورہ پاکستان کی دعوت دیدی،عمران خان کے وژن کو ورلڈ سمٹ میں بہت سراہا گیا۔