لاہور؍گوجرانوالہ(خصوصی نمائندہ؍ڈسٹرکٹ رپورٹر؍ مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ لیگی ترجمانوں نے 18 سوالات کے جواب نہیں دیئے ، ماضی میں کیمپ آفسز کو منی لانڈرنگ کا ذریعہ بنایا گیا،منی لانڈرنگ کا پیسہ ٹی ٹیز کے ذریعے باہر بھیجا گیا۔میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا قانون کاتقاضاہے کہ مجرم قوم کوجواب دے ، ڈھٹائی،بے شرمی میں پی ایچ ڈی کرنے والے ہم سے پوچھ رہے ہیں، دھیلے کی کرپشن بے نقاب ہوچکی ہے ، ماضی میں کیش بوائزکوسرکاری نوکریاں دی گئیں، شہبازشریف صاحب!کرپشن کی عجب کہانیاں آپ کاپیچھاکرتی رہیں گی، سلمان شہباز،گبلو،ببلو،علی عمران،اسحاق ڈارکاہاتھ پکڑکرپاکستان آئیں؟انہوں نے کہاحکومت سے باہر ہوتو یہ خاندان من گھڑت بیانیہ اختیار کرکے باہرچلا جاتا ہے ،ان کوپارلیمنٹ کی بالادستی اس وقت یادآتی ہے جب حکومت میں نہیں ہوتے ،دہائیوں سے گدھ بن کر ملک کا خون چوستے رہے ،ہم حساب مانگ رہے ہیں،سیاسی نابالغ کی جماعت کے سپریم کمانڈرکیخلاف کرپشن ریفرنس ہے ،سندھ کے سیاسی نابالغ آج بیان دے رہے تھے ،مریم نواز نے عدالت سے رجوع کیاہے ،چاہتے ہیں سب پرقانون کا یکساں اطلاق ہو،عدالتی فیصلے کے بعد حکومت لائحہ عمل دے گی،حکومت عدالتی فیصلوں پر عمل کریگی۔علاوہ ازیں فردوس عاشق نے وزیر اعلیٰ ہائوس میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا نے سوشل میڈیا کی افادیت کو پہلے سے کئی گنا بڑھا دیا ہے ، وزیر اعظم کی خواہش ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں سوشل میڈیا کو ایک موثر میڈیم کے طور پر استعمال کرنے کی غرض سے جامع پالیسی مرتب کریں۔فردوس عاشق ایوان نے کہا حکومت کی کارکردگی کو بہتر طور پر پیش کرنے کیلئے وفاقی اور صوبائی وزارت اطلاعات میں بہترین روابط ضروری ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا حکومت کی کارکردگی کو عوام کے سامنے پیش کرنے کیلئے ہر ہفتے ایک وزارت کی کارکردگی کے بارے میں پریس بریفنگ رکھاکرینگے ۔انہوں نے کہا صوبائی وزارت اطلاعات چند روز میں سوشل میڈیا کنونشن کا انعقاد کرائے گی۔مزیدبرآں فردوس عاشق نے گوجرانوالہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پنجاب پولیس کا تاثر بدلنے کی ضرورت ہے ، ہم پولیس کو عوام دوست اور تفتیش اور پراسیکیوشن کے نظام کو مضبوط بنانے جا رہے ہیں۔