لاہور (اپنے نیوز رپورٹر سے، 92 نیوزرپورٹ) نیب لاہور نے رکن قومی اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ آصف کوسیالکوٹ ہاؤسنگ سوسائٹی کیس میں آج گیارہ بجے طلب کر لیا،اس سے قبل چھبیس جون کو انہیں طلب کیا گیا لیکن قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے باعث انہوں نے پیش ہونے سے معذرت کی تھی۔گزشتہ طلبی پر خواجہ آصف کی جانب سے وکیل نجم الحسن نے نیب حکام کو معذرت نامہ جمع کرایا تھا۔ ن لیگی رہنما پرہاؤسنگ سوسائٹی میں غیر قانونی طور پر قبضہ کرنے کا الزام ہے ،نیب نے خواجہ آصف اور اہلخانہ کی جانب سے سوسائٹی میں کی گئی انویسٹمنٹ سے متعلق سوالات تیار کر لئے ہیں، خواجہ آصف پر الزام ہے کہ انہوں نے سوسائٹی انتظامیہ کی ملی بھگت سے ایک سو سینتیس کنال اراضی غیر قانونی طور پر فروخت کی اور ان شہریوں کی زمینوں پربھی قبضہ کیا جنہوں نے کبھی سوسائٹی کو زمین فروخت ہی نہیں کی۔ کیس میں خواجہ آصف کی اہلیہ اور صاحبزادہ بھی شامل ہیں۔