لاس اینجلس( نیٹ نیوز) شہرت یافتہ امریکی پاپ گلوکارہ 34 سالہ لیڈی گاگا نے طویل انتظار اور تاخیر کے بعد بالآخر اپنا نیا میوزک البم ریلیز کردیا۔ واضح رہے کہ لیڈی گاگا کا آخری اور پانچواں میوزک البم’ ’جاؤنے ‘‘ 2016 میں ریلیز ہوا تھا۔ لیڈی گاگا نے گزشتہ برس سے ہی اپنے چھٹے میوزک البم کے حوالے سے سوشل میڈیا کے ذریعے باتیں کرنا شروع کی تھیں لیکن انہوں نے رواں برس تصدیق کی تھی کہ وہ اپریل 2020 میں چھٹا میوزک ا لبم ریلیز کریں گی تاہم پھر کورونا کی وبا کے باعث انہوں نے ریلیز کو ملتوی کردیا تھا تاہم اب انہوں نے طویل انتظار اور تاخیر کے بعد اپنا چھٹا میوزک البم’ ’کرو ماٹیکا‘‘ 29 مئی کو ریلیز کردیا۔انہوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے نئے البم کے گانے ریلیز کرتے ہوئے مداحوں کو خوشخبری دی جبکہ انہوں نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر بھی البم کوریلیزکرنے کا اعلان کیا۔ نئے البم کی تصویری اور ویڈیو جھلکیوں سے بھی اندازہ ہوتا ہے کہ وہ ایک بار پھر اپنی بولڈ اور روایتی ڈانس پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کریں گی۔