کراچی(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کہاہے کہ لگتاہے کہ وفاقی حکومت سندھ کے لوگوں کوپاکستانی نہیں سمجھ رہی،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایک بار پھر وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ کرشکوے و شکایات کے انبار لگا دیئے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے خط میں کہا کہ وفاق سندھ کے لوگوں کو سزا دے رہاہے ،قومی اقتصادی کونسل کے ورکنگ پیپر نے سندھ کے ساتھ تعصب ناانصافی کو عیاں کردیا،سندھ قومی آمدن میں70فیصد دیتاہے اوراسے بدلے میں یکسرنظراندازکیا جارہاہے ، بطور صوبے کے وزیراعلیٰ سندھ کے حق کیلئے آوازاٹھاتارہوں گا۔دریں اثناگورنمنٹ ڈسپنسری، سلطان آباد میں صوبے بھر میں 7 روزہ پولیو مہم کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ دنیا میں پولیو سے متاثرہ دو ممالک میں سے ایک ہے اور ابتک 2021 میں بلوچستان سے پولیو کے مجموعی طور پر ایک کیس رپورٹ ہوا جبکہ اس سال سندھ میں کوئی بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا ہے جبکہ 2020 میں پولیو کے 22 کیسز رپورٹ ہوئے تھے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے اور انہیں گفٹ پیک دیئے ۔