لاہور،کراچی، لاڑکانہ(نمائندہ خصوصی سے ، سٹاف رپورٹر، 92 نیوز)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف عمران خان کی مہم قوم کے ساتھ فراڈ ہے ،عوام اب جھانسے میں نہیں آئیں گے ۔اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ آج اگر عوام مہنگائی کی وجہ سے بنیادی ضرورتوں سے بھی محروم ہورہے ہیں تو اس کے ذمہ دار صرف عمران خان ہیں، یہ تبدیلی نہیں یہ تباہی ہے ۔ فون پر ہیلو ہیلو کے ڈرامے سے ملک میں مہنگائی ختم نہیں ہوسکتی۔ کرپشن کے خلاف عمران خان کی مہم دراصل قوم کے ساتھ فراڈ ہے ۔مافیا کے سرپرست عمران خان کے احتساب کے جھوٹے نعرے کا پول کھل چکا، عوام اب اس جھانسے میں نہیں آئیں گے ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ یومیہ 12 ارب روپے کی کرپشن کا الزام لگا کر اقتدار میں آنے والوں نے اپنی حکومت کے 997 دنوں میں مبینہ یومیہ کرپشن کا کتنا پیسہ قومی خزانے میں جمع کرایا؟ سیاسی انتقام کے لئے منی لانڈرنگ اور کرپشن کا جھوٹا واویلا کرکے عمران خان نے ملک کو بلیک لسٹ ہونے کے دہانے پر پہنچادیا، شرمندگی کا مقام ہے کہ کمبوڈیا، گھانا اور زمبابوے جیسے پسماندہ ممالک کے ہمراہ پاکستان بھی فیٹف گرے لسٹ سے نہ نکل سکا۔ پیپلزپارٹی نے ملک کو یورپی یونین سے جی ایس پی پلس کا درجہ دلوایا اور اسے بھی عمران خان نے داؤ پر لگادیا ہے ۔