لاہور(جنرل رپورٹر)پی ایم اے پنجاب نے وزیراعلیٰ اور گورنر پنجاب سے ایم بی بی ایس کے سپلیمنٹری امتحانات میں ایک مضمون میں فیل طلبہ کو انٹرنل اسیسمنٹ کی بنیاد پر پروموٹ کرنے کا مطالبہ کر دیا ، پی ایم اے لاہور کا ہنگامی اجلاس ہوا، صدارت صدر پی ایم اے لاہور میں پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف نظامی نے کی، اجلاس میں جنرل سیکریٹری ڈاکٹر ملک شاہد شوکت،ڈاکٹر اظہار احمد چوہدری، ڈاکٹر تنویر انور، ڈاکٹر سکندر حیات گوندل، ڈاکٹر احمد نعیم اختر، ڈاکٹرارم شہزادی، ڈاکٹر واجد علی، ڈاکٹر بشریٰ حق، ڈاکٹر سلمان کاظمی، ڈاکٹر طلحہ شیروانی، ڈاکٹر عمار انور اور ڈاکٹر عمران شاہ نے شرکت کی، اجلاس میں کہا گیا ایم بی بی ایس کے سیپلیمنٹری امتحانات میں ایک مضمون میں فیل ہونے والے طلبہ کو انٹرنل اسیسمنٹ کی بنیاد پر پروموٹ کر دیا جائے۔ ، 2 یا اس سے زائد مضامین میں فیل ہونے والے طلبہ سے سپلیمنٹری امتحانات آن لائن لے لئے جائیں، بھارت میں اکثر ریاستوں میں میڈیکل کے طلبا کو بغیر امتحان کے انٹرنل اسیسمنٹ کی بنیاد پر پروموٹ کر دیا گیا ہے ، عہدیداران نے مزید کہا کہ میڈیکل کے طلبہ کو پروموٹ کر دیا جائے اور اْن کا وقت ضائع نہ کیا جائے ۔