اسلام آباد(اے پی پی) سنٹرل میڈیا لسٹ کے قواعد وضوابط پر پورا نہ اترنے والے 200 سے زائداخبارات و میگزین کو میڈیا لسٹ سے نکالنے کیلئے شناخت کرلی گئی تاہم اس سے قبل جانچ پڑتال کیلئے سفارشات پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں قائم اشتہارات کی شکایات کے ازالے کی کمیٹی کو بھجوا دی گئی ہیں۔ ان جرائد میں وہ اخبارات اور رسالے شامل ہیں جنکی باقاعدہ اشاعت کے حوالے متعلقہ اداروں کے پاس کوئی اطلاع نہیں، بہت سے مالکان نے گزشتہ 2 ماہ میں اپنے جریدے کی ایک بھی پرنٹ شدہ کاپی نامزد دفاتر کو فراہم نہیں کی۔ پی آئی ڈی نے اخبارات کی اشاعت کیلئے آن لائن حاضری کا نظام وضع کیا ہے جسکا مقصد پورے پاکستان میں اخبارات اور جرائد کی باقاعدہ اشاعت کیلئے راہ ہموار کرنا ہے ۔ سی ایم ایل کے تحت اخباری مالکان کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے مطبوعہ ایڈیشن پی آئی ڈی ہیڈ کوارٹر اسلام آباد یا علاقائی دفاتر کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، حیدرآباد، فیصل آباد، ملتان، گلگت، لاڑکانہ اور سکردو کو فراہم کریں۔ اس اقدام سے جینوئن میڈیا کیساتھ تعلقات کو مزید استوار کرنے اور اشتہارات کی شفاف تقسیم میں مدد ملی۔ اس اقدام سے ڈمی اخبارات کو ختم کرنے میں بھی معاونت ملے گی جس سے ملک میں صحتمند صحافت کو فروغ ملے گا۔ جانچ پڑتال کے دوران کمیٹی قواعدوضوابط پر پورا نہ اترنے والی پبلیکیشنز کو سنٹرل میڈیا لسٹ سے خارج کرنے کیلئے حتمی سفارشات سے قبل اے پی این ایس، سی پی این ای اور دیگر صحافتی تنظیموں سے مشاورت کریگی۔