Common frontend top

مفروروں، اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے : چیئرمین نیب

پیر 19 اکتوبر 2020ء





اسلام آباد (92 نیوزرپورٹ، این این آئی) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے مفروروں اور اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔چیئرمین نیب کے زیرصدارت اہم اجلاس میں مختلف ریفرنس کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے بعد جاری اعلامیہ کے مطابق نیب منی لانڈرنگ، میگا کرپشن اور وائٹ کالر کرائمز کیسز میرٹ پر نمٹانے کیلئے پر عزم ہے ۔ چیئرمین نیب نے کہا نیب نے احتساب عدالتوں میں 1230بدعنوانی کے ریفرنس دائر کررکھے ہیں جن کی جلد سماعت کے لئے عدالتوں میں درخواستیں دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ قوم کے لوٹے گئے 943ارب روپے کے مقدمات کا قانون کے مطابق فیصلہ ہو اور بدعنوان عناصر کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جا سکے ، اربوں روپے کی کرپشن کرنے والوں کے خلاف قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔ ملک سے بد عنوانی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے ، بدعنوانی کینسر ہے جس کا واحد حل سرجری ہے ، میگا کرپشن کے وائٹ کالر کرائمز کو قانون کے مطابق نمٹانے کے لئے تمام ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔چیئرمین نیب نے سی پیک منصوبوں کی نگرانی کے لئے چین کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ۔ ان کا کہنا تھا نیب کے مقدمات میں سزا کی شرح 86.8 فیصد ہے جو ملک کے کسی بھی اینٹی کرپشن کے ادارے کے مقابلہ میں بہترین کارکردگی ہے ۔ نیب نئے عزم واستقلال کے ساتھ بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہے ۔ منی لانڈرنگ اور بدعنوانی کے دیگر مقدمات کی تحقیقات میرٹ اور شفافیت پر جاری ہیں اور ہاؤسنگ سوسائٹیوں،مضاربہ سکینڈلز کے مقدمات کی تحقیقات کے علاوہ اشتہاری اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،نیب افسران بدعنوانی کے خاتمہ کو قومی فرض سمجھ کرادا کر رہے ہیں، بدعنوانی کے خلاف نیب کی کا ر کر د گی کو ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل، پلڈاٹ اور مشال پاکستان جیسے معتبر اداروں نے سراہا ، پاکستان سارک اینٹی کرپشن فورم کا پہلا چیئرمین ہے جوہماری شاندار کارکردگی کا اعتراف ہے ،نیب نے اپنے قیام سے اب تک بدعنوان عناصر سے لوٹے گئے 466 ارب روپے وصول کرکے خزانے میں جمع کرائے ہیں۔

 

 



آپ کیلئے تجویز کردہ خبریں










اہم خبریں