سرینگر(نیٹ نیوز) مقبوضہ کشمیر کے بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے ایک مرتبہ پھر نعرہ بلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق علی گیلانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ میں کہاکہ کشمیریوں کا پاکستان کے ساتھ تعلق کلمہ طیبہ پر مبنی ہے ۔ بھارت کی طرف سے کئے گئے مکروہ اقدامات پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کے مابین موجود مضبوط بندھنوں کو متزلزل نہیں کر سکتے ۔ آخری دم تک آزادی کے حصول کیلئے جدو جہد جاری رکھوں گا۔اس سے قبل سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی طاقت مجھے آزادی کے ہزاروں شہیدوں کے مقصد کی حفاظت سے نہیں روک سکتی۔حریت کانفرنس سے علیحدگی کے معاملے پر حریت لیڈر کا بھارتی میڈیااور بے ضمیر لوگوں کے جھوٹے پراپیگنڈہ پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ آل پارٹیز حریت کانفرنس سے میری علیحدگی کا ہر گز مطلب حق خود ارادیت سے دستبرداری نہیں۔ بھارتی استعمار سے تاحیات برسر پیکار رہوں گا۔ آزادی کشمیرکی کو ششیں میرے خون میں رچی بسی ہیں، دنیا میں کوئی طاقت مجھے آزادی کے ہزاروں شہیدوں کے مقصد کی حفاظت سے نہیں روک سکتی۔سید علی گیلانی نے قرانی آیت کا حوالہ دیا، کہہ دیجیے اے محمدؐ! بے شک میری نماز، قربانی، جینا اور مرنا صرف اللہ کیلئے ہے ۔