لاہور (اپنے خبر نگار سے ) بین الصوبائی وزرا برائے تعلیم کی چوتھی کانفرنس کا انعقاد مقامی ہوٹل میں کیا گیا جس کی صدارت وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کی ، صوبائی وزیر سکول ایجوکیشن پنجاب مراد راس، صوبائی و زیر برائے اعلی تعلیم راجہ یاسر ہمایوں سرفراز، مشیر تعلیم کے پی کے ضیاء بنگش، تمام صوبوں کے سیکرٹری تعلیم، اعلیٰ تعلیمی و ثانوی بورڈز کے چیئر مینوں نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس کا مقصد ملک میں یکساں نظام تعلیم اور تعلیمی اصلاحات کے بارے تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ مشترکہ میڈیا بریفنگ سے خطاب کر تے ہو ئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ تمام صو بوں کی مشاورت سے یکساں نظام تعلیم میں آ گے بڑھنا چاہتے ہیں۔ تعلیم کو سیاست سے بالا تر رکھنا ہوگا۔ سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن تعلیم پر کوئی سیاست نہیں ہو گی ملک کے تمام تعلیمی بورڈز 31جولائی تک نتائج مکمل کر لیں۔ آٹھویں جماعت کے بورڈ امتحانات کی سند جاری کی جا ئے گی۔ پرانے تعلیمی سال بحال کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے ۔ لٹریسی کی شرح کو بڑھانے پر غور کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے پانچ تعلیمی سالوں میں اردو میڈ یم یا انگلش میڈیم ہونا چاہیے اس پر بھی بات کی جا ئے گی۔ تمام صوبوں کے تعلیمی کیلنڈر یکساں ہوں گے جس کے بعد یونیورسٹی کی سطح پربھی ایک کیا جا ئے گا۔ وزیر اعظم ہاؤس کو یونیورسٹی میں تبدیل کرنے کا بل کابینہ سے منظور کر لیا گیا ہے ۔