کراچی(سٹاف رپورٹر)صدرآزاد کشمیرسردار مسعودخان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر ہمیں ہر وقت جنگ کیلئے تیار رہنا ہوگا،مغرب کے بھارت سے معاشی مفادات وابستہ ہے ، وہ مسئلہ کشمیر کو نظر انداز کررہا ہے ،بی جے پی رہنما بھارت کو آزاد کشمیر اور پاکستان پر حملے کیلئے اکسا رہے ہیں،بھارتی فوجیوں کی غنڈا گردی عروج پر ہے ،بھارتی مظالم کشمیری نوجوانوں کے جذبہ آزادی کو بڑھارہے ہیں،بھارت دنیا کے سامنے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو نارمل ثابت کرنے کی کوششیں کررہا ہے ۔ وہ جمعے کو کراچی کونسل آف فارن ریلیشنز کے ڈائیلاگ کے تحت مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ تقریب سے سینئر وائس چیئرمین کے سی ایف آر ایمبیسیڈر مصطفی کمال قاضی اور جنرل سیکریٹری کموڈور ریٹائرڈ سدید ملک نے بھی خطاب کیا۔ صدر آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ بھارتی فوجیوں کے ظلم سے کوئی بھی کشمیری محفوظ نہیں ہے ، اب مقبوضہ کشمیر میں اقلیت کو اکثریت میں بدلنے کی سازش پر عمل پیرا ہے ، مقبوضہ کشمیر ایسا مسئلہ ہے جس سے دو ایٹمی قوتوں میں جنگ چھڑسکتی ہے ، دونوں ملکوں میں جنگ چھڑی تو کروڑوں افراد متاثر ہونگے ۔ سردار مسعود خان نے مزید کہا کہ سول سوسائٹی آواز اٹھا رہی ہے مگر مسئلے کے حل کیلئے دنیا کو جاگنا ہوگا، چین، ملائیشیا، ترکی اور ایران نے کھل کر کشمیریوں کیلئے آواز بلند کی ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ ہمیں بھارتی سازشوں اور جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔