اسلام آباد (خبرنگار) چیف جسٹس پاکستان جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ پیر سے ملکی تاریخ کی پہلی ای کورٹ میں مقدمات کی سماعت کرے گا۔بنچ اسلام آباد میں بیٹھ کر کراچی سے ویڈیو لنک کے ذریعے وکلا کے دلائل سن کر مقدمات کے فیصلے کرے گا، اس ضمن میں ای کورٹ میں سنے جانے والے مقدمات کی کاز لسٹ بھی جاری کردی گئی ہے ۔ ای کورٹ میں مقدمات کی سماعت کے لئے ضابطہ کار بھی جاری کردیا گیا ہے ۔ مقدمات کی سماعت کی ویڈیوبھی سرکاری میڈیاکے توسط سے نجی میڈیا کو فراہم کی جائے گی جبکہ نجی میڈیا کے نمائندگان کو کیمرے کمرہ عدالت میں لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔چیف جسٹس کی سربراہی میں جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل پر مشتمل تین رکنی ای کورٹ پیر کو چار مقدمات کی سماعت کرے گی جن میں تین ضمانت قبل ازگرفتاری اور ایک نیب کیس ہے ۔