لاہور(نامہ نگار، سٹاف رپورٹر)واپڈا پیغام یونین کے احتجاج کے نتیجے میں لیسکو چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ سے احسان احمد چوہدری، توقیر اسلام، یوسف ملک اور میاں طارق نے ملاقات کی۔ پیغام یونین نے کہا کہ سیفٹی سیمینار کے نام پر فیلڈ میں جاری ایک مخصوص یونین کی ریفرنڈم مہم بند کی جائے اور انتظامیہ مکمل طورپر سیاست سے پاک سیفٹی سیمینار کے انعقاد کو ممکن بنائے ۔پیغام یونین نے مطالبے پیش کرتے ہوئے کہا کہ کنٹریکٹ ملازمین کو فوری مستقل کیا جائے ، لائن سٹاف اور دیگر کیٹیگری کو ڈینجر الاؤنس 20ہزار روپے دیا جائے ۔ واپڈا میں چونکہ ریفرنڈم چیلنج ہوچکا ہے لہذا انتظامیہ مکمل غیر جانبداری کا مظاہرہ کرے اس پر چیف ایگزیکٹو لیسکو نے پیغام یونین کے مطالبات پر عمل درآمد کرتے ہوئے متعدد لیٹر جاری کیے جن کا اعلان ڈائریکٹر سیفٹی احسن گیلانی نے پیغام یونین کے احتجاجی پنڈال میں آکر کیا ۔ انتظامیہ کی طرف سے دیگر مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی پر احتجاجی دھرنا ختم کر دیا گیا۔