کراچی(ویب ڈیسک) انسانی کارگزاریوں کے باعث ماحولیاتی تبدیلی (کلائمیٹ چینج) کوئی قیاس آرائی نہیں بلکہ زمین کے دو ہزار سالہ ریکارڈ سے بھی یہی ثابت ہوتا ہے کہ عالمی تپش اور خطرناک ماحولیاتی تغیرات کی ذمہ داری انسانی سرگرمیوں پر ہی عائد ہوتی ہے ۔ ماہرینِ ماحولیات کی ایک عالمی ٹیم نے دریافت کیا ہے کہ بیسویں صدی کے اختتام تک عالمی ماحول میں ہونے والی تبدیلیاں اس قدر غیرمعمولی ہو چکی تھیں کہ دو ہزار سالہ زمینی تاریخ میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ اس دریافت کی تفصیلات تحقیقی جرائد ’’نیچر‘‘ اور ’’نیچر جیو سائنس‘‘ کے تازہ شماروں میں بالترتیب شائع ہوئی ہیں۔یہ تحقیق سوئٹزرلینڈ، امریکا، اسپین اور ناروے کے سائنسدانوں نے مشترکہ طور پر کی ہے جس میں زمینی ماحول سے متعلق دستیاب، دو ہزار سالہ اعداد و شمار اور سطح زمین کے درجہ حرارت میں اضافے کا باریک بینی سے تجزیہ کیا گیا تھا۔عالمی ماحول (کلائمیٹ) میں گزشتہ دو ہزار سال کے دوران ہونے والی تبدیلیوں پر آج بھی بحث جاری ہے کیونکہ اس دوران قرونِ وسطی کی ماحولیاتی بے قاعدگی، مختصر عہدِ برفانی اور گزشتہ 150 سال کے دوران (انسانی سرگرمیوں کے نتیجے میں) تیز رفتار عالمی تپش جیسے واقعات رونما ہوچکے ہیں۔ یہ جاننا اور سمجھنا خاصا مشکل رہا ہے کہ ان ادوار میں موسمیاتی بے قاعدگیاں کتنی شدید تھیں، ان کے اثرات کتنے عرصے تک اور کہاں کہاں تک نمایاں رہے ؛ اور یہ کہ ان میں کون کونسے عوامل کارفرما تھے ۔یونیورسٹی آف برن، سوئٹزرلینڈ کے ڈاکٹر رافیل نیوکوم کی سربراہی میں ماحولیات اور ارضیات کے ماہرین کی ایک عالمی ٹیم نے سن یکم عیسوی سے لے کر سن 2000 عیسوی تک، زمینی کرہ ہوائی اور سطح زمین کے درجہ حرارت میں تبدیلی سے متعلق دستیاب 700 مختلف ریکارڈز کا پوری احتیاط سے تجزیہ کیا۔ ’’نیچر‘‘ میں شائع شدہ تحقیقی مقالے میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اب تک کے تصورات کے برعکس، بیسویں صدی سے پہلے تک رونما ہونے والے ماحولیاتی تغیرات عالمی پیمانے پر واقع نہیں ہوئے تھے ۔ گزشتہ دو ہزار سال میں سرد ترین موسم کا مشاہدہ مشرقی بحرِ اوقیانوس کے علاقوں میں پندرہویں صدی عیسوی کے دوران کیا گیا، سترہویں صدی عیسوی کے دوران شمال مغربی یورپ اور شمالی امریکا کے جنوب مشرقی علاقے سرد ترین رہے ، جبکہ انیسویں میں دنیا کے باقی کئی مقامات نے انتہائی سرد موسم کا سامنا کیا۔ اسی طرح صنعتی انقلات سے پہلے تک ایسا کوئی واقعہ ریکارڈ پر موجود نہیں جب ساری دنیا میں طویل مدتی بنیادوں پر گرمی میں اضافہ ہوا ہو۔ اس کے برعکس، گزشتہ دو ہزار سال میں گرم ترین زمانہ اس کے آخری چند عشروں پر محیط ہے ۔