لاہور(جنرل رپورٹر،کامرس رپورٹر،کرائم رپورٹر، 92نیوزرپورٹ)پنجاب کے وزرا نے وزیراعظم کو اعتماد کا ووٹ لینے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایو ان کا اظہار اعتماد سیاست کے تاجروں کے منہ پر زور دار طمانچہ ہے ۔عوام کے منتخب نمائندوں نے وزیراعظم کے حق میں ووٹ دیکر بے ضمیروں کو بتادیاہے کہ اب پیسے کی سیاست نہیں چلے گی ۔ انہو ں نے کہاکہ اعتماد کے ووٹ سے جمہوریت مضبوط اور جمہوری قوتوں کی فتح ہوئی ہے ۔وزیراعظم عمران خان کو پہلے سے زیادہ ووٹ ملنا کرپٹ عناصر کی سیاسی موت کے مترادف ہے ۔ آصف علی زرداری او رنوازشریف جیسے کرپشن کے بادشاہوں کو کبھی این آر او نہیں ملے گی۔ وزیراعظم کرپشن کو جڑ سے نکال کر ہی دم لینگے ۔صوبائی وزیر راجہ یاسر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عوامی امنگوں کے ترجمان اور حقیقی لیڈر ہیں، اعتماد کے ووٹ سے جمہوریت مضبوط اور جمہوری قوتوں کی فتح ہوئی ہے ۔صوبائی وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کو ایک بار پھر شکست کا سامنا کا سامنا کرنا پڑا اور تحریک انصاف کی جیت ہوئی۔وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ کپتان کی سربراہی میں عوامی فلاح کی پالیسیوں کا تسلسل جاری رہے گا۔ سینئر وزیرعبدالعلیم خان نے کہاکہ ساری قوم کے ہیرو اور عالمی کرکٹ کے سپر سٹار عمران خان نے ایک مرتبہ پھر جس سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کیاہے اس کی ہماری سیاسی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ صوبائی وزیرصنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہاکہ آج کا تاریخی دن ضمیر کی خریدوفروخت کرنے والوں کی سیاسی موت کا ہے ۔وزیراعظم نے ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرکے اپوزیشن کے غبارے سے ہوا نکال دی ہے او رپی ڈی ایم کے حکومت کی مقبولیت سے متعلق جھوٹے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے ۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہاکہ عمران خان نے بروقت اعتماد کا ووٹ لے کر مخالفین کی سازشیں ناکام بنادی ۔ اب پی ٹی آئی کی حکومت اپنی عوام دوست پالیسیوں پر زیادہ تندہی سے عمل کرسکے گی ۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے عمران خان کی جدوجہد کرپٹ لٹیروں کے خلاف ہے اور یہ جدوجہد جاری رہے گی ۔ صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال سید یاور عباس بخاری نے کہاکہ آج عمران خان پر پارلیمنٹ کے ساتھ قوم کا اعتماد بھی تازہ ہوگیا ۔