لاہور(اپنے رپورٹر سے ) صوبائی اسمبلی کے ممبر نذیر چوہان،لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران اور ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے محمد عثمان معظم نے مادر ملت روڈ ٹاؤن شپ پر سڑکوں کی مرمت و بحالی ‘ پیچ ورک اور بہتری کے منصوبے کا افتتاح کیاجس پر مجموعی طور پر ساڑھے گیارہ کروڑ روپے لاگت آئے گی۔اس موقع پر ایم پی اے سعدیہ سہیل رانا اور گورننگ باڈی کے ممبر انجینئر عامر ریاض قریشی بھی موجود تھے ۔پنڈی سٹاپ پیکو روڈ سے کالج روڈ تک 5.8کلومیٹر طویل مادر ملت روڈ کی بہتری و بحالی پر دو کروڑ روپے لاگت آئے گی۔مادرملت روڈ سے کالج روڈ تک منہاج یونیورسٹی روڈ اور علی روڈ کی بہتری و بحالی پر سوا کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے ۔کالج روڈ سے واپڈ اٹاؤن گول چکر تک 3.1کلومیٹرطویل پی آئی اے روڈ کی بہتری کا منصوبہ سات کروڑ روپے میں مکمل ہوگا۔اس کے علاوہ جمال چوک پی آئی اے روڈ سے جوہر میر ج ہال نزد جناح ہسپتال تک 2.6کلومیٹر طویل غزن روڈ اور بورڈ آف ریونیو روڈ کی بہتری و بحالی پر ایک کروڑ روپے لاگت آئے گی۔اس موقع پر وائس چیئرمین ایل ڈی اے ایس ایم عمران نے کہا کہ شہر میں کافی عرصے سے تعمیراتی کام رکا ہوا تھا ۔ڈی جی عثمان معظم نے کہا کہ شہر کے تمام علاقوں میں واقع سڑکوں کی مرمت وبحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے جو45دنوں میں مکمل کیاجائے گا۔