کراچی (عمران شیخ) معروف اداکارہ ماہرہ خان اپنی نئی فلم میں پہلی بار اداکار فہد مصطفی کی ہیروئن بنیں گی۔ ہدایتکار نبیل قریشی و پروڈیوسر فضا علی مرزا کی نئی آنے والی فلم ’’قائد اعظم زندہ باد‘‘ میں ماہرہ خان کو فہد مصطفی کے مدمقابل کاسٹ کیا گیا ہے ۔ اس سے قبل ہدایتکار نبیل قریشی اور پروڈیوسر فضا علی مرزا کی فلموں کی ہیروئن مہوش حیات ہوا کرتی تھیں تاہم اب کے بار ایسا ممکن نظر نہیں آرہا ہے ۔ ماہرہ خان اس سال فلم سپر سٹار اور پرے ہٹ لو میں نظر آئیں۔ دونوں فلمیں بڑی عید پر ریلیز ہوئی تھیں۔فہد مصطفی کی آخری ریلیز فلمیں لوڈ ویڈنگ اور جوانی پھر نہیں آنی ٹو تھیں۔ ماہرہ خان کی فواد خان کے ساتھ دی لیجنڈ آف مولاجٹ بھی اگلے سال ریلیز ہوگی اس طرح یہ بھی کہا جاسکتا ہے کہ اس وقت مہوش حیات ماہرہ سے فلموں میں مقابلے میں بھی بہت پیچھے رہ گئی ہیں۔