اسلام آباد؍لاہور (سپیشل رپورٹرز؍جنرل رپورٹر؍ نیٹ نیوز) کورونا وائرس سے مزید 45 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 10 ہزار 908 ہوگئی، 2432 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ پمز ہسپتال اسلام آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر منظور کورونا کا شکار ہوکر دم توڑ گئے ۔اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر سپیشل پرائس مجسٹریٹ پشاور انگور شاہ خان بھی کورونا سے جان کی بازی ہار گئے ۔پنجاب میں 535 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 17 اموات ہوئیں۔ضلع کچہری ملتان کے ججز بھی وبا سے محفوظ نہ رہے ، سول جج راؤ عبدالواجد کے بعد ایڈیشنل سیشن جج ملتان محمد حسین بھی وائرس کا شکار ہوگئے ۔لاہور میں کورونا کی شرح پھیلائو 9 فیصد تک پہنچ گئی جس پر ضلعی انتظامیہ نے 16 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون لگانے کی تجویز محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کو بھجوا دی ۔ذرائع کے مطابق کنال ویو ہائوسنگ سوسائٹی، ٹیک سوسائٹی، ڈی ون سیکٹر ایف، عسکری 10، گیلانی سٹریٹ بیدیاں روڈ، سٹریٹ 66 ڈی ایچ اے فیز ون میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈائون لگے گا۔ سٹریٹ 71 جے بلاک ڈی ایچ اے فیز ون، مین سروس لین غازی روڈ ڈی ایچ اے فیز 2 کو بند کیاجائے گا۔ سٹریٹ 35 فیز تھری ڈی ایچ اے ، خیابان اقبال ڈی ایچ اے فیز تھری، سٹریٹ نمبر 18 فیز تھری، سٹریٹ نمبر 14فیز فائیومیں سمارٹ لاک ڈائون لگے گا۔ مین سروس روڈ سوئی گیس سوسائٹی، ایونیو 13 ڈی ایچ اے فیز سیون، سٹریٹ نمبر ایک نین سکھ کو بھی بند کیا جائے گا۔ جی او آر ٹو میں 13 بی سے 16 بی تک ، کریم بلاک کی دو سٹریٹس میں بھی مائیکرو سمارٹ لاک ڈائون نافذ کیا جائے گا۔پشاور میں 5 مقامات پر سمارٹ لاک ڈائون لگادیا گیا۔ادھر دنیا بھر میں مریضوں کی تعداد 9 کروڑ 44 لاکھ سے زائد ہے جبکہ ہلاکتیں 20لاکھ 28 ہزار سے زائد ہوگئیں۔ امریکہ میں گزشتہ روز 3800، برطانیہ میں 1200 سے زائد افراد لقمہ اجل بنے ۔ سی ڈی سی نے کہا ہے کہ تین ہفتوں کے اندر امریکہ میں 90 ہزار سے زائد امریکی شہری کورونا کی بھینٹ چڑھ سکتے ہیں۔بھارتی اداکار موہت ملک کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔بھارت بھر میں مقامی سطح پر تیارکی گئی کورونا ویکسین عوام کو لگائے جانے کا عمل شروع کردیا گیا،پہلے روز 1.65لاکھ افراد کو ویکسی نیشن لگائی گئی۔بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے ملک میں ویکسی نیشن مہم کا آغاز کیا۔اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے دارالحکومت عَمان میں ویکسین لگوالی۔چین میں صرف 5 روز کے دوران ڈیڑھ ہزار بستروں کا ہسپتال تعمیر کردیا گیا۔چین میں ایک فوڈ کمپنی کی آئس کریم میں کورونا کی تصدیق کے بعد حکام نے ہزاروں مصنوعات کو ضبط کر لیا۔