کراچی(سٹاف رپورٹر)پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہاہے کہ ہمارانظریہ تیزی کے ساتھ گھرگھرپھیل رہاہے ،انتخابات میں ہارکے باوجود پاک سرزمین پارٹی میں شمولیتوں کاسلسلہ ایک دن کے لیے بھی نہیں رکا،لوگوں نے جتنے تجربات کرنے تھے کرلیے ،ہمارے بارے میں اگرلوگوں کے کچھ خدشات تھے تووقت نے خود تمام الزامات کاجواب دے دیا،کہا جاتاتھاپاک سرزمین پارٹی میں لوگوں کوزبردستی شامل کرایا جارہاہے لیکن الیکشن کے بعد لوگوں کوجواب مل گیاکہ اﷲ تعالیٰ کے علاوہ ہمارے ساتھ کوئی دوسری قوت نہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پاکستان ہاؤس میں مختلف پارٹیوں سے آئے ہوئے 327 کارکنان اورذمے داران کی شمولیت کے موقع پرپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرپارٹی صدرانیس قائم خانی،سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اورنیشنل کونسل کے اراکین بھی موجود تھے ۔مصطفیٰ کمال نے کہاکہ تحریک انصاف،پی پی اورایم کیوایم حکومت میں ہونے کے باوجود بھی کراچی لاوارث ہے ۔