کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں بہتری آنے کے باعث مقامی اسٹاک مارکیٹ میں بھی منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری کی گئی لیکن ساتھ ہی کرونا وائرس کی روک تھام کے لئے اقدامات اور معیشت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کے باعث سرمایہ کار محتاط بھی نظر آئے جس کے سبب اتار چڑھاوٗ دیکھنے میں آیا اورٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای100انڈیکس 28ہزار کی نفسیاتی حد کو بحال کرتے ہوئے 28191پوائنٹس کی بلند اور27046پوائنٹس کی نچلی سطح پر ریکارڈ کیا گیا تاہم کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 38.40پوائنٹس کے اضافے سے 27267.20پوائنٹس پر بند ہوا ۔کے ایس ای30انڈیکس بھی 45.36پوائنٹس کے اضافے سے 11879.19پوائنٹس جب کہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 87.98پوائنٹس کی کمی سے 20043.89پوائنٹس پر بند ہوا ۔گزشتہ روز مجموعی طور پر 347کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 152کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا لیکن اس کے مقابلے میں182کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں گرگئیں اور 13کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں مستحکم رہیں۔