لاہور (نامہ نگارخصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے نامزد چیف جسٹس مامون رشید شیخ نے کہا ہے ہمارے ججز بہترین کام کررہے ہیں،ہمیں ججز سے نمٹائے گئے مقدمات کی تعداد نہیں بلکہ بہترین فیصلے چاہئیں۔ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں جنرل ٹریننگ پروگرام کے تحت آٹھویں تربیتی کورس اور پاکستان بھر کی جینڈر بیسڈ وائیلنس کورٹس کے ججز کے لئے منعقدہ تین روزہ ورکشاپ کے اختتامی روز خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا تمام ججز قابل ہیں، خواتین ججز مرد ججز سے کسی بھی طرح کمتر نہیں ہیں، ہم چاہتے ہیں ججز کسی بھی دباؤ میں آئے بغیر میرٹ پر فیصلے کریں کیونکہ کسی بھی مقدمہ میں ضلعی عدلیہ کے فیصلے بہت اہمیت رکھتے ہیں، ہم امید کرتے ہیں جوڈیشل اکیڈمی کی تربیت ہمارے ججز کی عملی زندگی میں موثر ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا جنرل ٹریننگ پروگرام کے تحت ہر جج کو سال میں ایک بار ضرور اکیڈمی میں ٹریننگ کرنا پڑتی ہے ، پنجاب جوڈیشل اکیڈمی اکیڈمی ہمارے ججز کو دورِ حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت فراہم کررہی ہے ،اکیڈمی نے پورے پاکستان کی جینڈر بیسڈ کورٹس کے ججز اور پراسیکیوٹرز کو ٹریننگ کرانے کا بیڑہ اٹھایا اور دوسرے بیچ نے تربیتی ورکشاپ مکمل کرلی جس پر اکیڈمی کی انتظامیہ اور انسٹرکٹرز مبارکباد کے مستحق ہیں۔اس موقع پر ڈی جی پنجاب جوڈیشل اکیڈمی حبیب اﷲ عامر، ساؤتھ آسٹریلیا کی سابق جج ران لیٹن اور تربیتی کورس و ورکشاپ مکمل کرنے والے جوڈیشل افسران کے نمائندوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔