لاہور، اسلام آباد،کراچی(خصوصی رپورٹر،،خبرنگار خصوصی، وقائع نگار خصوصی،سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی، متحدہ مجلس عمل، تحریک لبیک، ایم کیو ایم اور پاک سرزمین پارٹی نے فارم 45 کے بجائے سادہ کاغذ پرنتائج کے اجراء اورپولنگ اسٹیشزسے پولنگ ایجنٹس کونکالنے پر انتخابات کے نتائج مسترد کرتے ہوئے دھاندلی کے الزامات عائد کردیئے ۔ ماڈل ٹائون لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہم انتخابی نتائج کو مسترد کرتے ہیں، فوری طور پر پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کی گئی ہے ، نگران حکومت اور الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کروانے میں ناکام ہو گئے ہیں، ہمارے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال دیا گیا اور انہیں فارم 45 نہیں دیا گیا، دیگر پانچ سیاسی جماعتوں نے بھی اسی قسم کی شکایت کی ہے ہم ان جماعتوں سے بھی رابطے کر رہے ہیں۔ اس موقع پر مشاہد حسین سید نے کہا کہ یہ الیکشن نہیں سلیکشن تھی ہم ان انتخابات کو مسترد کرتے ہیں۔ایک بیان میں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ نتائج روکنا اور پولنگ ایجنٹوں کو باہر نکالنا ناقابل معافی ہے ۔ پورے ملک میں ہمارے پولنگ ایجنٹوں کو پولنگ سٹیشنوں سے نکال دیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے رضا ربانی اور شیری رحمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور نگران حکومت شفاف انتخابات کرانے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی۔رضا ربانی نے کہا عوامی آراء کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو سنگین نتائج ہوں گے ۔ ہمارے پاس 250 سے زائد شکایات موصول ہوئی ہیں۔پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنما بختاور بھٹو زرداری نے انتخابات کو دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ دھاندلی کو چھپانے کی کوشش تک نہیں کی گئی ۔ان کی چھوٹی بہن آصفہ بھٹو نے کہاکہ الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داری سے دستبردار ہو کر پیادا بن گیا ہے ۔پولنگ ایجنٹس کو باہر پھینک کراور نتائج روک کر الیکشن کمیشن کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے ۔ سربراہ ایم ایم اے مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کی گئی، دھاندلی شدہ نتائج قبول نہیں کریں گے ،2دن میں آل پارٹیز کانفرنس بلا کر اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرینگے ۔ایم کیو ایم پاکستان کے فیصل سبزواری نے کہا کہ اگر قوانین پر عمل نہ کیا گیا تو دھرنا دینے شروع کردینگے ، ہمارے پولنگ ایجنٹس کو نکال کرنتائج بدلنے کی کو شش کی گئی۔ پاک سرزمین پارٹی کے رضا ہارون نے کہا کہ ہمارے پولنگ ایجنٹ کو باہرنکال دیا گیا، فارم 45 نہیں دیا جارہا ہے ۔ادھر تحریک لبیک کے رہنماؤں نے بھی پولنگ اسٹیشنوں سے پولنگ ایجنٹوں کو نکالنے اور فارم 45 کے بجائے سادہ کاغذ پر نتائج جاری کرنے کا الزام عائد کیا،انہوں نے کارکنوں کو ریڈالرٹ رہنے کا پیغام دیدیا۔قبل ازیں ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب اور مصدق ملک نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو میںالزام عائد کیا کہ بند کمروں میں دھاندلی ہورہی ہے ،ہمیں نتائج نہیں دیئے جارہے ۔ پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل فرحت اﷲ بابر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جن حلقوں میں پولنگ ایجنٹو ں کو باہر نکالا گیا ہے ا ور فار م 45 نہیں دیئے گئے وہاں پر تحقیقات کے بعد دوبارہ انتخابات کرائے جائیں ۔