لاہور( این این آئی)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کوٹ لکھپت کا دورہ کیا۔جہاں انہوں نے صنعت کاروں،تاجروں اور ایوان صنعت وتجارت بہاولپور کے عہدیداران سے ملاقاتیں کی۔ صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں انڈسٹریل اسٹیٹس کے نام پر رئیل اسٹیٹ کا کاروبار ہوتا رہا،اب ایسا نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ مظفر گڑھ اور لیہ کے اضلاع میں 20ہزار ایکڑر قبے پر پاکستان کی سب سے بڑی انڈسٹریل اسٹیٹ بنائی جارہی ہے اوراس انڈسٹریل اسٹیٹ کو 50ہزار ایکڑ تک وسعت دینے کی گنجائش موجود ہے ۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی محرومیاں ختم کرکے اسے خوشحال خطہ بنانے کی جانب سفر کا آغاز کر دیا ہے ۔