لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سابق ادوار میں کرپشن کا دور دورہ تھا اور ماضی کی حکومتوں نے غلط پالیسیاں اختیار کر کے ملک کی معیشت کا بیڑا غرق کیا، گزشتہ10 برس کے دوران ریکار ڈ قرضے لئے گئے اور ان قرضوں کو ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے استعمال نہیں کیا گیا بلکہ مہنگے قرضے لے کر ذاتی نمود و نمائش کے منصوبے شروع کئے گئے اور سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے ۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے ان خیالات کا اظہار منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعلیٰ آفس میں ان سے ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت پاکستان کو درست سمت میں لے کر جا رہی ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیراعلیٰ آفس میں بھکر کے قریب ایم ایم روڈ پر ٹریفک حادثے میں جاں بحق طالبات اور رکشہ ڈرائیور کے لواحقین نے ملاقات کی،وزیراعلیٰ سے ایم ایم روڈ پر ٹریفک حادثے میں زخمی طالبات کے لواحقین، شدید بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے سے متاثرہ افراداوران کے لواحقین نے بھی ملاقات کی، جبکہ وزیراعلیٰ سے کوٹلہ جام میں اغواء کے بعد قتل ہونے والے بچے محمد حبیب کے والد محمدشکیل نے بھی ملاقات کی،وزیراعلیٰ نے متاثرہ افراد سے ہاتھ ملایا اورانہیں دلاسہ دیا،وزیراعلیٰ نے لواحقین میں مجموعی طور پر 54لاکھ روپے مالیت کے مالی امداد کے چیک تقسیم کیے ،وزیراعلیٰ نے جاں بحق طالبات اور رکشہ ڈرائیور کے لواحقین کو 5، 5 لاکھ روپے مالی امداد کے چیک دیئے ،وزیراعلیٰ نے زخمی طالبہ ثانیہ بتول کے والدملازم حسین اورزخمی طالبہ ثنا ء پروین کے دادا فقیر حسین کوایک ایک لاکھ روپے مالیت کے چیک دیئے ،وزیراعلیٰ نے بارش کے باعث گھر گرنے سے شدید زخمی ہونے والی تہمینہ کے والد منظور حسین کو 3 لاکھ روپے کی مالی امداد کا چیک دیا جبکہ منظور حسین کو گھر کی تعمیر ومرمت کے لئے ایک لاکھ روپے کا چیک بھی دیاگیا،وزیراعلیٰ نے آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق سمیرا کے والد اسلم کو 8 لاکھ روپے اورمقتول بچے حبیب کے والد کوشکیل کو 5 لاکھ روپے کی مالی امداد کا چیک دیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے سپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے فیروز پور روڈ پر ڈولفن فورس کے اہلکاروں کی مبینہ فائرنگ سے خاتون کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی اورفائرنگ کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی ہدایت کی ۔